Sat. May 18th, 2024
450 Views

میرپور( )19فروری 2017ء
آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بزرگ صحافی صوفی اللہ دتہ خاکسار غریبوں کی آواز تھے ۔ انھوں نے غریب لوگوں کے حقوق کی پاسداری کی اور صحافت میں نمایاں مقام حاصل کیا ۔انھوں نے ساری زندگی اپنے آپ کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا تھا اور اسی مشن پر چلتے چلتے وہ خالق حقیقی سے جا ملے وہ میرے بھا ئی اور ساتھی تھے مجھے ان پر فخر تھا ۔ ان جسے معاملہ فہم اور اعلیٰ اوصاف کے مالک لوگ جس معاشرے میں ہوں اس معاشرے اور ملک کا نقشہ تبدیل ہو سکتا ہے ۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ملک دشمن جو مذموم کاروائیاں کر رہے ہیں اس کے خلاف پوری ملت پاکستان و آزادکشمیرکے عوام بلا تفریق کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد و منظم ہو کر ملک دشمنوں اور دہشت گردی کا مقابلہ کریں تا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنیا جا سکے ۔ پاکستان کو محفوظ کرنا ہماری قومی اور ملی ذمہ داری ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بابائے صحافت صوفی اللہ دتہ خاکسار کے چہلم کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر سابق مشیر چوہدری حق نواز ، انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے چیئر مین چوہدری محمود علی ، آزادجموں و کشمیر سنٹرل یونین و جرنلسٹس کے سابق صدر محمد رمضان چغتائی ، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ، سینئر صحافی راجہ حبیب اللہ خان ، ہمایوں زمان مرزا میڈیا نمائندگان ، انجمن تاجراں کھوکھا یونین اور مختلف ٹریڈ یونیوں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔
سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدان اور میڈیا نمائندگان پاکستان کے موجودہ ملکی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے دہشت گردی کے سد باب کے لیے اپنے باہمی اختلافات کو ختم کریں انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آخری منزل پاکستان ہے آزادکشمیر کے عوام پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور دفاع پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے مرحوم کے صاحبزادے سینئرصحافی ممتاز علی خاکسار نے اپنے خطاب میں کہاکہ وہ اپنے والدماجد کے عوامی خدمت کے مشن کوجاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہاکہ میرے والد ماجد صوفی اللہ دتہ خاکسار کی وفات پراہلیان میرپوراور آزادکشمیر بھر سے سیاسی وسماجی، حکومتی اور دیگرشخصیات نے ان کے گھرآکربھرپورمحبت کااظہارکیاہے اس سے ہمارے خاندان کو دکھ اور غم کی گھڑی میں حوصلہ ملاہے۔ انھوں نے کہاکہ میں نے اپنے آپ کووالد ماجدکے مشن کی تکمیل کے لیے وقف کردیاہے۔ شعبہ صحافت ہویاعلاقہ کی تعمیر وترقی یالوگوں کے حقوق کامعاملہ ہو۔ ہمیشہ میری خدمات عوام کے لیے بلاتخصیص جاری رہیں گی۔ اس موقع پرمرحوم کے ایصال ثواب کے لیے محفل میلاد اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں علماء کرام ، نعت خواں حضرات نے حمدودرود کے نذرانے پیش کیے اور مرحوم صوفی اللہ دتہ خاکسار کے ایصال ثواب کے لیے درجنوں قرآن مجید کے ختم شریف اودیگرکلمات کے ذریعے ان کی بخشش اوردرجات کی بلندی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

By ajazmir