Wed. Apr 17th, 2024
1,117 Views

لاہور( )19 فروری2017 ء
آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب تبدیلی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ جب تک معاشرے میں کرپشن رہے گی یہ دہشت گردی عام آدمی کو بھی اپنی لپیٹ میں لیتی رہے گی۔ لہذا جب معاشرے میں کرپشن کا خاتمہ ہو گا اور معاشرے میں خوشحالی آئے گی اور اس تبدیلی سے معاشرہ ایک صحیح سمت میں گامزن ہو گا اور ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے بھی چھٹکارہ نصیب ہوگا اور ملک میں امن قائم ہو گا اور یہ تبدیلی عمران خان ہی ملک میں لا سکتے ہیں۔عمران خان نے ایک کرپٹ وزیر اعظم کو کٹہرے میں لاکھڑا کیا ہے۔عمران خان کا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ آئندہ انتخابات میں پچاس لاکھ کشمیری ووٹر پی ٹی آئی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر یں گے۔جس سے جہاں ملک میں تبدیلی آئے گی مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لاہور میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب ہم کشمیریوں کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہے کیونکہ ایک طرف مودی اورنواز شریف نے سازش کے تحت آزاد کشمیر میں کینگرو اسمبلی بناکر تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کی گئی۔بلکہ یہ کینگرو اسمبلی بنا کر یہ ثابت کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں کوئی فرق نہیں جس طرح مقبوضہ کشمیر میں فراڈ الیکشن ہوتے ہیں اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی فراڈ الیکشن بلکہ اس سے کچھ زیادہ ہی ہوتے ہیں۔اس سے مسئلہ کشمیر پر ہمارا کیس کمزور ہوا ہے اگر مودی اور نواز شریف یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے ہراکر وہ مسئلہ کشمیر کو کمزور کریں گے تو یہ انکی بھول ہے میں نے گذشتہ چار مہینوں میں امریکہ، برطانیہ، یورپ، فار ایسٹ، مڈل ایسٹ اور دیگر ممالک میں مسئلہ کشمیر کو ہر فورم، پر اٹھایا اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بھارت کے مکروہ چہرے کی طرف مبذول کرائی۔حالات نے ثابت کیا کہ میرے جذبہ میں کوئی کمی نہیں آئی اور میں نے پورے شدو مد سے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اٹھا یا۔بیرسٹڑ سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 2017 ء انتخابات کا سال ہے ہم جہاں عمران خان کی قیادت میں پاکستان سے کرپشن اور تعصب کی سیاست ختم کرکے تبدیلی لائیں گے وہاں پر مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرمسئلہ کشمیر کو اٹھائیں گے اور مودی کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لائیں گے۔ جو لوگ مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کی کامیابی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔دریں اثناء بیرستڑ سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہء لاہور کے دوران مختلف تقریبات میں شرکت پی ٹی آئی کے مختلف وفودسے ملاقاتوں کے علاوہ پی ٹی آٗی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری جنرل دیوان غلام محی الدین کے صاحبزادے دیوان ذکاء الدین کی دعوت ولیمہ میں بھی شرکت کی۔اس موقع پر دعوت ولیمہ میں سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، سابق وزیر اعلی پنجاب میاں منظور احمد وٹو،پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق،پاکستان عوامی تحریک کے خرم نوازگنڈا پور، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء نوید چوہدری، ڈاکٹرولید جاوید اقبال اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کی بھرپور شرکت کی وجہ سے دعوت ولیمہ ایک سیاسی اجتماع بن گئی۔***

By ajazmir