Fri. Apr 26th, 2024
1,250 Views

اسلام آباد(پی آئی ڈی)19جولائی2020ء
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ یوم الحاق پاکستان کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان ایک اٹوٹ تعلق کا آئینہ دار ہے۔جغرافیائی لسانی اور مذہبی اعتبار سے ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا جزولاینفک ہے۔19 جولائی کی قرارداد کشمیریوں کا نصب العین ہے۔قراردادالحاق پاکستان کے تناظر میں تحریک آزادی کشمیر کا آغاز ہوا۔ریاست جموں و کشمیر کو تقسیم ہند کے فارمولے اور عوامی منشا کے مطابق پاکستان کا حصہ بننا تھا۔3 جون تقسیم ہند کے فارمولے کے تحت کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننا تھا۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کیا۔اس موقع پر سابق صدر سردار یعقوب خان،محمد حسین خطیب،محمد فاروق رحمانی،شیخ عبدالمتین،شمیم شال،عبدالمجید ملک سمیت دیگر نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ 19 جولائی کی قرارداد کو ریاست بھر کے عوام کی تائید حاصل تھی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا فرض ادا کردیا اب پاکستان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک کلینڈر کے مطابق ریاست جموں کشمیر کے حصے بخرے کرنے اور کشمیریوں کے قتل عام میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پالیسی پر چل کر کشمیر آزاد نہیں ہوسکتا،آزادکشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت دی جاے ہم بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ پیش کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو تجاویز ارسال کر دی ہیں کہ کس طرح آگے بڑھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ سبجیکٹ ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں حالات خراب ہونگے اور بھارت کی جانب سے زبردستی آبادکاری سے کشمیر کی شکل بگڑ جائیگی۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں اپنے مفادات کے تحفظ کرتی ہیں ہمیں بین الاقوامی انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کے پاس جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی راے عامہ ہموار کرنے کے لیے انسانی بنیادوں پر لوگوں کو متوجہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپ سمیت تمام ملک اپنے مفادات دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹلی کی سنائیپر رائفلز سے ہندوستان لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے مسلم ممالک کو اس معاملے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمان ہمارے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے انسانیت کے خلاف جرائم پر دنیا بھر کے ممالک میں کیسز کرینگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت کو آپس میں ملکر کشمیر پرکام کرنا چاہیے ،حریت قیادت آپس میں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریے،کشمیریوں کو ہندوستانی جیلوں میں نہیں رکھا جاسکتا قید اور نظر بند حریت رہنماوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کے ساتھ دلی رشتہ ہے والدہ والد کے رشتہ دار وہاں ہیں پہلے ہندوستان سے قبضہ چھڑانے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے جس کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔مقررین نے اس موقع پر یوم الحاق پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور تاریخی حوالوں سے اس دن کی تحریک آزادی کشمیر میں فعالیت کو بیان کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک آزادی بھارت سے جموں و کشمیر کی آزادی اور پوری ریاست کے پاکستان سے الحاق تک جاری رہے گی۔

By ajazmir