Wed. May 15th, 2024
288 Views

مظفرآباد( پی آئی ڈی ) 23اکتوبر8 201 ء
وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزاد جموں وکشمیر کے71ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے جدوجہد آزادی میں برسر پیکار کشمیر ی عوام کی آواز کو دنیائے عالم میں پہنچایا اور عالمی فورموں ،اسلامی ملکوں اور بین الاقوامی سطحوں پر مسئلہ کشمیر کو اس جاندار انداز میں اجاگر کیا کہ بھارتی مکر و فریب طشت از بام ہوکر رہ گیا۔بھارت کے ہٹ دھرم رویے نے کشمیری عوام کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ آزادی کے حصول کے لیے میدان عمل میں کود پڑیں ۔ کشمیر ی عوام نے آگ اور خون کے دریا عبور کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کی تاریخ میں جن ابواب کا اضافہ کیا اس کی مثال تاریخ میں مشکل ہی سے مل سکے گی ۔ کشمیر ی عوام نے اپنی بے مثل قربانیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت تحریک آزادی کے اس فیصلہ کن مرحلے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اس مسئلہ پر زیادہ سے زیادہ عالمی حمایت حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کر دی گئی ہیں ۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے اور ہم اپنے آباء کے الحاق پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔
**

By ajazmir