Sat. Apr 27th, 2024
927 Views
بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کو تہنیتی پیغام بھجوایا ہے، بھارتی وزیراعظم نے یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کوخط لکھ کر مبارکباد دی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے بھارتی وزیراعظم کا خط دفترخارجہ کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ یوم ہاکستان پرپاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشگوارتعلقات کیلئے اعتماد پر مبنی دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے،انسانیت کے لئے اس مشکل دور میں کووڈ 19 چیلنج سے نمٹنے پر آپ کو اور پاکستان کےعوام کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے یومِ پاکستان پر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ کر مبارکباد دی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے خط میں یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔خط میں کہا گیا ہےکہ پاکستان امریکا پارٹنر شپ علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پرمبنی ہے اور مشترکہ چیلنجز کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر نے اپنے خط میں کہا کہ افغانستان میں قیامِ امن، کورونا وبا اور ماحولیاتی تبدیلی پرقابوپانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔

By ajazmir