Tue. Apr 30th, 2024
440 Views

مظفرآباد(پی آئی ڈی) 30مئی 2020
وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے چار سالوں میں اپنے منشور میں کیے گئے بیشتر نکات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آزاد کشمیر کو آئینی، مالیاتی اورانتظامی معاملات میں بااختیاراور خود کفالت کی منزل پر پہنچایا۔ کشمیر کونسل کے ایگزیکٹیو اختیارات کے خاتمے کے بعد آزاد کشمیر حکومت نے ٹیکس وصولی کا جو ہداف تھا اس سے کئی گناہ زیادہ ٹیکس جمع کیا۔ کونسل سے 12ارب روپے حاصل ہوتے تھے جب یہ معاملہ آزاد حکومت کے پاس آیاتو 18ارب روپے جمع ہوئے۔ آزادکشمیر سنٹرل بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر حکومت اور اسمبلی کو جوابدہ ہے۔ کونسل نہ پاکستان کی حکومت کو جوابدہ تھی نہ آزاد کشمیر کی حکومت کو۔ آزادکشمیر کے اندر بہترین مالیاتی نظم وضبط کے باعث انتظامی اخراجات میں مکمل حدتک خود کفالت حاصل کی۔ ہمارا یہ مشن ہے کہ اسی مالیاتی نظم و نسق کو برقرار رکھتے ہوئے ذرائع آمدن میں مزید اضافہ کیا جائے اور ترقیاتی بجٹ میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی ترقی میں بھی آزاد کشمیر اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کو اللہ رب العزت نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازہ ہے۔ ہمارا چھوٹا سے خطہ معاشی، اقتصادی طور پر دیگر علاقوں کے لیے مثال بن سکتا ہے۔ مسلم لیگ ن کایہ منصوبہ ہے کہ ہم نے پہلے مرحلے پر مالیاتی خود کفالت حاصل کی۔انتظامی بجٹ میں اب مکمل طور پر آزاد کشمیر حکومت اپنے ذرائع آمدن سے پورے کرتی ہے اور ہم نے آزاد کشمیر کی72سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مالیاتی، انتظامی خودکفالت حاصل کرنے کے بعد ترقیاتی بجٹ میں بھی چھوٹا سا شیئر ڈالا اب ہم مستقبل میں اس کو بڑھانا چاہتے ہیں اگرچہ کورونا کے باعث کچھ امور میں مشکلات آنے کا امکان ہے مگر اس کے باوجود ہم پرعزم ہیں کہ انشاء اللہ آنے والے وقت میں آزاد کشمیر ایک بہترین انتظامی یونٹ ہوگا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر یہاں ایوان وزیر اعظم میں مختلف میٹنگ و اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تقسیم کیا گیا۔ ترقیاتی بجٹ میں دوگناہ اضافہ کیاگیا۔ آزادکشمیر کی منتخب حکومت اور اسمبلی کو آئینی،مالیاتی اور انتظامی طور پر بااختیار کیا گیا۔ختم نبوت ﷺکا آئین کا حصہ بنایا گیا اس کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے اندر مختلف شعبہ جات میں لائی جانے والی اصلاحات مسلم لیگ ن کے کریڈٹ پر ہے۔ جو ایک سال رہتا ہے اس کے اندر اپنے منشور پر سو فیصد عملدرآمد کریں گے۔جو کامیابیاں اللہ رب العزت نے مسلم لیگ ن کی چار سال حکومت میں لکھیں وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آئیں۔کئی دہائیوں سے ترقیوں کے تعیناتیوں کے منتظر گولڈ میڈل لسٹ،اہل سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے 10ہزار سے زائد اہل افراد کو میرٹ پر روزگار ملا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ایک بنیادی کردار ہے کورونا کے باعث اگرچہ بین الاقوامی سطح پر اس وقت صحت اولین ترجیح ہے مگر مقبوضہ کشمیر کے عوام 5اگست کے بعد جو مسائل اور بدترین لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں اس کے مثال نہیں ملتی۔دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم سے ایم این سی ایچ پروگرام کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ایم این سی ایچ پروگرام کے حوالہ سے دی جانے والی بریفنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر ماں بچے کی صحت کے حوالہ سے شعور و آگاہی کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ایم این سی ایچ پروگرام نے بہترین کردار اداکیاحکومت ان کے ساتھ بھرپور تائید و احمایت جاری رکھے گی۔بریفنگ کے موقع پر بھی وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی موجود تھے۔

By ajazmir