Tue. Apr 30th, 2024
641 Views

مظفرآباد( )
تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کو ان آئی ٹی ملازمین سے کیا ہوا وعدہ ایک بار نہیں کئی بار کا کیا ہوا وعدہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کم از کم اب تو ان آئی ٹی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کردیں۔ آخر ان بے قصور ملازمین کے بھی بچے ہیں،افراد خانہ ہیں۔ ماہ رمضان جارہا ہے۔ عید آنے والی ہے ان ملازمین نے بھی اپنے بچوں کیلئے عید پر نئے کپڑے لینے ہیں۔ آپ سمیت سب حکومت کے ذمہ داران افطاری کے وقت اپنے دسترخوان پر ہر قسم کے کھانے سجائے بیٹھتے ہیں ان آئی ٹی ملازمین کو ایک کھجور بھی میسر نہیں۔ آخر آپ کے بچوں کی طرح ان کے بھی بچے ہیں وہ بھی افطاری کے وقت پکوڑے، ملک شیک، فروٹ کھانے کا دل کرتے ہونگے۔ حکومت کے پاس تو ہر مد میں فنڈز ہوتے ہیں یہ ممکن ہی نہیں کہ حکومت تنخواہیں دینا چاہتی ہو اور روپیہ موجود نہ ہو بس نیت اور ارادہ کی ضرورت ہے جو اس حکومت میں کمی ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے حکمران جماعت کے ذمہ داران سے کہا کہ بس اپنے بچوں اور اپنے افراد خانہ کو سامنے رکھ کر ان آئی ٹی ملازمین کے دکھ، درد کو بھی سمجھیں۔ لمبی لمبی چھوڑنے کے بجائے کوئی عملی کام بھی کریں۔ 5سالہ دلایا گیا اقتدار اب ختم ہونے والا ہے۔ جاتے جاتے ان ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل کر جائیں انہیں ان کی اہلیت، تعلیم، ڈگری کے مطابق ملازمتوں پر بحال کریں۔ ان کی بقایا تنخواہیں آپ کی ایک پراڈو فارچونر گاڑی کی قیمت کے برابر ہے جو آپ اب اپنے وزراء کیلئے الیکشن مہم کیلئے خریدنے جارہ ہے ہیں۔ آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ ان آئی ٹی ملازمین کو ماہ رمضان میں تنخواہیں دینی ہیں یا فارچونر گاڑی خریدنی ہے۔ آخر ایک دن آپ نے بھی کسی کے سامنے پیش ہوکر حساب دینا ہے بس اس دن کو یاد رکھیں۔

By ajazmir