وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے تدبر اور حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا انتہا پسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ضروری ہے۔انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کوئی ملک بھارت کا ساتھ نہیں دے سکتا نہ دے گا۔ مودی نے طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو کچلا لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو زک نہیں پہنچا سکا۔ ہندوستان نے کشمیریوں کی ایک نسل کو اندھا اور ایک کو اپاہج کردیا ہے مگر وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے سامنے سر نہیں جھکا یا۔حکومت آزادکشمیر خطہ کے تمام علاقوں کی تعمیر وترقی کے لیے یکساں سوچ اور پالیسی رکھتی ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کامیاب سفارت کاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جس سے ہندوستان نیوکلیئر سپلائر گروپ کا رکن نہیں بن سکا۔ آزادکشمیر کی جامعات میں تاریخ پاکستان، تاریخ کشمیر، بین الاقوامی تعلقات عامہ اور ریسرچ کے شعبہ جات قائم کیے جائیں۔ آزادکشمیر کے ذہین اور ہونہار طلبہ کو عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔ آزادکشمیر کے نوجوان دل لگا کر علم حاصل کریں ہنر مندی کی تربیت لیں حکومت انھیں برابری کی بنیاد پر میرٹ کے مطابق روزگار کے مواقع مہیا کرے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں انٹر یونیورسٹیز طلبا وطالبات کے مابین تقریری مقابلہ جات کی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے تقریری مقابلوں میں پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کیے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ نوجوان میرا دست و بازو ہیں مسئلہ کشمیر میں عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کے لیے یونیورسٹیوں کے نوجوان ہر اول دستے کے طور پر کام کریں ۔ قومیں اپنے تعلیمی اداروں سے ترقی کرتی ہیں ۔ یونیورسٹیوں کے مضبوطی ہی میں ملک کااستحکام ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر بھارت جیسے مکار دشمن سے مقابلہ ہے جس کے لیے ہمیں جدید علم و فنون کو بروئے کا ر لانا ہوگاتاکہ دنیا ہماری بات سمجھے اور ہمارے مسئلے پر توجہ دے ۔ آزاد کشمیر کی تمام یونیورسٹیوں کے طلباء میں تقریری مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کیا لیکن میری نظر میں طالبات اس میدان میں بھی طلباء پر بازی لی گئیں ۔کشمیر لبریشن سیل کو بہترین انتظامات پر مبارک دیتا ہوں اس سلسلہ کو مزید آگے بڑھایا جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر 8جولائی کے بعد ایک نئے مرحلہ میں داخل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا ویژن یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں کشمیری ہی اجاگر کر سکتے ہیں اور اس کے لیے ہمیں آپ جیسے نوجوانوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورہ یورپ کے دوران وہاں بسنے والے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے سفارت کار بن جائیں اور وہاں کے پالیسی ساز اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ آپ انتہائی محنت سے تعلیم حاصل کریں اور ریسرچ پر توجہ دیں تاکہ کشمیر کے حوالہ سے حکمت عملی مرتب کروانے میں آپ ہماری رہنمائی کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا میڈیا قومی ذمہ داریاں ادا کرنے سے اب بھی قاصر ہے ۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ سب سے پہلے خبر دینے کے چکر میں قومی سکوت طاری نے کریں اور لوگوں کے ذہنوں کو یرغمال نہ بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ قوم کا مورال بلند کریں تاکہ ہم موجودہ حالات کا ڈٹ کا مقابلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ان کے حق کے لیے ڈٹ کر کھڑا رہوں گااسی لیے این ٹی ایس کو نافذ کیا گیا ہے اور پبلک سروس کمیشن کو آزاد بنایا گیا ہے ۔ میرا مشن ہے ہر حق دار کو حق ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جمہوری اوراقتصادی طور پر مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کا بہترین وکیل ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کے نوجوان طلباء وطالبات پر زور دیا کے وہ خود کو سچائی اور انصاف کے لیے وقف کر دیں اور برادری ازم ، اضلاعی تقسیم اور تعصب سے بچیں کیونکہ اس سے انسانی کی ذہنی صلاحیتیں مفلوج ہو جاتی ہیں ۔۔۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے کے لیے ایک فکری انقلاب کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقدمہ سچ پر مبنی ہے حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اقوام متحدہ نے ہم سے اس کا وعدہ کر رکھا ہے اس لیے اقوام عالم کو کشمیریوں کو یہ حق دلانے کے لیے اپنا کر دار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کو مشرق ،مغرب اور جنوب سے خطرات لاحق ہیں ایسے وقت میں جب قوم کو اتفاق و اتحاد کے ذریعے دشمن کی چاہلوں کو ناکام بنانا ہے میڈیا ہمیں کبھی پانامہ لیکس کے پیچھے لگا دیتا ہے اور کبھی ڈان لیکس کے پیچھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ٹھوس پالیسیوں کا نتیجہ ہیکہ پاکستان ایک مرتبہ پھر اقوام عالم میں اپنی مضبوط حیثیت منوا رہا ہے بھارت کو نیو کلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت نہ ملنا پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے لیکن افسوس ہے کہ میڈیا نے اس کامیابی کو اجاگر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا میں پاکستانی میڈیا سے جرت مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اہمیت دے ہم کشمیری ہر دن سبز حلالی پرچم کی سر بلندی کے لیے کٹ رہے ہیں ہمیں میڈیا کی توجہ چاہیے ۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیاء میں مودی کے برسر اقتدار آنے سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہیں کیونکہ مودی انتہائی خطرناک شخص ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد کو بازور طاقت کچلنا چاہتا ہے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ بھارت تمام تر مظالم کے باوجود اور مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنے کے باوجود کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا ۔ کشمیری ہر حال میں آزادی لیکر رہیں گے ہماری آنے والی نسلیں اپنے حق خودارادیت سے قطعا دست بردار نہیں ہونگی کشمیر کو بھارت کے چنگل سے ہر حال میں آزاد ہونا ہے ۔ کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کی طالبہ ارم عباس ، دوسری پوزیشن وویمن یونیوسٹی باغ کی طالبہ ایمن حنیف جبکہ تیسری پوزیشن کوٹلی یونیورسٹی کے طالبعلم فیصل کبیر نے حاصل کی ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کا جوش وخروش دیدنی تھا جیسے وزیر اعظم نے بے حد سراہا