Tue. Jun 25th, 2024
256 Views

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)آزاد جموں و کشمیر کے وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور آٹا کے لیے احتجاج کے دوران تاجروں کی صفوں میں گھسے چند شر پسند عناصر نے پاکستانی پرچم کی توہین کی،اس دلخراش سانحہ نے کشمیریوں کے سر شرم سے جھکا دیے،اس پر پوری پاکستانی قوم سے معافی مانگتا ہوں،ان شاء اللہ آئندہ کشمیری پاکستانی جھنڈے کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک آخری کشمیری کی سانسیں باقی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر حکومت آزاد کشمیر چوہدری محمد رشید نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا کہ احتجاج کرنا کسی بھی جمہوری ملک میں ہر شہری کا حق ہے مگر احتجاج کی آڑ میں آزاد کشمیر میں تاجروں کی تنظیم (جائنٹ ایکشن کمیٹی) کے اندر گھس کر چند شرپسندوں نے قوم کا مورال پست کیاسبز ہلالی پرچم کو اتار کر توہین و تذلیل کی گئی یہ دلخراش سانحہ قابل مذمت ہے مملکت خدا داد پاکستان کا جھنڈا ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے اس جھنڈے کی عزت،پاکستان کے استحکام کے لیے کشمیری1947ء سے قربانیاں دیتے آرہے ہیں اور یہ قر بانیاں کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جاری رہیں گی،احتجاج کے دوران لوگ جذباتی تھے لیکن اب آزاد کشمیر کی عوام شر پسندوں کو اچھی طرح جان چکی ہے اب لوگ ملک دشمن عناصر کو کسی بھی صورت میں اپنی صفوں میں نہیں گھسنے دیں گے،5اگست2019ء کے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیریوں کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے بڑے دعوے کیے لیکن حالیہ بھارتی انتخابات میں مودی کی پارٹی مقبوضہ کشمیر سے بری طرح ہار گئی وہ امیدوار کامیاب ہوئے جو 5اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کے خلاف تھے اس سوچ کے امیدواروں کو کشمیریوں نے ووٹ دے کر بھارتی لوک سبھا میں بھیج دیا ہندوستان کسی بھی صورت مسلمانوں بالخصوص کشمیر کے مسلمانوں سے مخلص نہیں ہے،بین الاقوامی برادری ہندوستان کی اکانامی کو نہ دیکھے بلکہ کشمیریوں کی جہدوجہد کو سامنے رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کوان کا پیدائشی حق خود ارادیت دلوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے، پاکستانی فوج پر نہ صرف کشمیریوں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو فخر ہے،پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے کسی میں اتنی جرت نہیں کہ وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے،پاکستان نے مشکلات کے باوجود آزاد کشمیر کے عوام کی ضرروتوں کو پورا کیا، کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ کلمہ توحید کا لازوال رشتہ ہے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دیں ہمارے نوجوان وطن پر جان نچھاور کرکے سبز ہلالی پرچم میں دفن ہوتے ہیں یہ اعزاز و تکریم کا باعث ہے یہاں احتجاج کے نام پر وطن دشمن قوتوں کو تقویت پہنچائی گئی کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں احتجاج کے دوران شر پسندوں کی جانب سے شرمسار اقدام کے بعد پاکستانی قوم کے دلوں میں وہ محبت نہیں رہی ہم نے اپنے بھائیوں کو مایوس کیا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اس منزل کیلئے کشمیریوں نے لاتعداد قربانیاں دی ہیں سید علی گیلانی کی پوری زندگی ” پاکستان ہمارا ہے ہم پاکستانی ہیں ” پر جدوجہد کرتے گزری، پاکستانی پرچم کے تحفظ اور اس کی حرمت کی ذمہ داری اب کشمیری عوام پر فرض ہے ہم کشمیری پاکستانی پرچم کی حفاظت کا ذمہ لیتے ہیں،جہلم ویلی کے صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں کسی بھی ریاست میں اس کی ترقی کے لیے میڈیا کا بڑا کردار ہے جا پان نے اپنا20فیصد دفاعی بجٹ کم کر کے میڈیا کو دے رکھا ہے ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم صحافیوں کے مسائل حل کریں کیونکہ جو بھی چیزیں آگے بڑھتی ہیں اس میں میڈیا کا اہم کردار ہے ان شاء اللہ صحافیوں کو سہولیات فراہم کریں گے،سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کے دور حکومت میں ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کو دس مرلہ زمین دلوائی ان شاء اللہ30 جون 2024 ء کے بعد ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کی عمارت کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کروں گاجہلم ویلی کے صحافیوں کو مایوس نہیں کریں گے کیونکہ جہلم ویلی کے صحافیوں نے ہمیشہ ملکی مفادات کو عزیز رکھتے ہوئے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیے جس پر تمام صحافی مبارکباد کے مستحق ہیں۔۔۔

By ajazmir