Wed. Jun 26th, 2024
190 Views

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ کا ثالثی کا کردار، چکوٹھی سے ملحقہ سیاحتی مقام بینسر ڈھوک پر پیدا ہونے والا بڑا تنازعہ دونوں فریقین کے مابین ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی،ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین کی موجودگی میں خوش اسلوبی کے ساتھ حل ہو گیا،بڑے تصادم کا خطرہ ٹل گیا۔تفصیلات کے مطابق تقریبا ایک ہفتہ سے بینسرمیں عارضی رہائش پذیرمقامی لوگوں اور بی ایس ایل کرکٹ کمیٹی کے کھلاڑیوں /شائقین کے درمیان پیدا ہونے والی صورت حال کشیدگی اختیار کر چکی تھی،دونوں فریقین اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے تھے جو کسی بھی وقت بڑے تصادم میں بدل سکتی ہے،پیپلز پارٹی کے رہنماء،سابق امیدوار اسمبلی صاحبزادہ اشفاق ظفرنے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں فریقین میں راضی نامہ کروانے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے معاملات کو طے کروا دیا،ہٹیاں بالا میں ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں دونوں فریقین کے مابین تحریری معاہدہ طے پا یا، جس کے مطابق عوام علاقہ کھائی گراں نے عید کے بعد ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کی مشروط اجازت دے دی، شرائط کے مطابق کرکٹ ٹورنامنٹ دو دن میں کروانے کا کرکٹ کمیٹی کو پابند کیا گیا، دوران ٹورنامنٹ کسی قسم کا میوزک،ساؤنڈ سسٹم اور ہلڑ بازی نہیں کی جائے گی جس کی کرکٹ کمیٹی پابند اور ذمہ دار ہو گی، جبکہ مقامی کمیونٹی اسکی میزبانی کرے گی،معاہدے کی شرائط کے مطابق آئندہ سال2025ء میں بینسر کے موجودہ گراؤنڈ میں کسی قسم کا کرکٹ میچ نہیں کھیلا جائے گا، نہ ہی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جائے گا، اگر آئندہ سال سے بینسر کے کسی دوسرے مقام پر کرکٹ کھیلی جاتی ہے تو مقامی لوگوں کی مشاورت لینی لازمی ہوگی، معاہدے کے مطابق روڈ آبادی سے دور سے نکالی جائے گی،اگر گراؤنڈ کی تعمیر ممکن ہوئی تو موجودہ گراؤنڈ کے بجائے آبادی سے دور میدان کو ہموار کر کے وہاں کرکٹ کھیلی جائے گی،اس میں مقامی لوگ رکاوٹ نہیں بنیں گے موجودہ گراؤنڈ میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے گزشتہ پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ یہاں کرکٹ نہ کھیلنے پر پابندی برقرار رکھی، جبکہ سال 2024ء میں مقامی لوگوں نے جذبہ خیر سگالی کے تحت دو روز کے لیے کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی ہے،دنوں فریقین کو پابند کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی قسم کی نفرت انگیز پوسٹ نہیں کریں گے،آپس کا بھائی چارہ ہر ممکن طور پربحال رکھا جائے گا،اگر ایسا کوئی مسئلہ درپیش آتا ہے تو فریقین بذریعہ فواد الحسن باہمی گفت وشنید کے زریعے مسائل حل کریں گے، برادری جرگہ میں فریقین کی جانب سے پیرزادہ محفوظ احمد،اعظم یوسف جبکہ معززین میں چیئرمین یونین کونسل چکوٹھی شبیر مغل، فواد الحسن ایڈوکیٹ،راجہ قاصد،راجہ عاطف،راجہ تنویر،ظفر مقبول و دیگر شریک ہوئے،عوامی حلقوں نے فیصلے کو عوامی مفاد،امن و عامہ کے لیے اہم کاوش قرار دیتے ہوئے سراہا اور پیدا شدہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے پر سب کو مبارکباد پیش کی یاد رہے کہ جہلم ویلی میں گزشتہ ایک ہفتے سے بینسر کرکٹ اور ڈھوک کو لے کر دو فریقین کے مابین تنازعہ شدت اختیار کر چکاتھا،فریقین سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے مقابل میں آکھڑے ہوئے تھے،اگر فریقین کے درمیان صلح نہ ہوتی تو خون خرابہ کا شدید خطرہ تھا۔۔۔۔

By ajazmir