Wed. Jun 26th, 2024
191 Views

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ) صحافیوں کی عزت و نفس پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا پریس کلب کے آئین، ضابطہ اخلاق پر ہر صورت پر عملدرآمد ہوگا،ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کے اجلاس کا اعلامیہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کا اہم اجلاس زیر صدارت صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا محمد زاہد اعوان منعقد ہوا،جسمیں ممبر گورننگ باڈی پریس فاؤنڈیشن آزاد کشمیر محمد عارف کشمیری،سابق صدور اعجاز احمد میر، مرزا محمد اسلم،سینئر نائب صدر خوشحال خان قذافی، جنرل سیکرٹری قاضی عزیز احمد،سابق جنرل سیکرٹری مبارک حسین اعوان،زاہد جاوید عباسی،سابق سینئر نائب صدر شاہد عزیز کیانی،سیکرٹری اطلاعات لقمان چوہان،کیمرہ مین عامر شیخ سمیت دیگر نے شرکت کی اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، اجلاس میں صدر محمد زاہد اعوان نے ایجنڈا پیش کیا جس پر تمام ممبران ڈسٹرکٹ پریس کلب نے فردا فردا اپنی تجاویز دیں، جن کو اکثریتی رائے، باہمی اتفاق سے منظور کیا گیا، اجلاس میں پریس کلب کے جملہ مسائل پر تبصرہ کیا گیا تمام بحث و مباحثے کے بعد تمام ممبران نے آپس میں مل کر ادارے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے پراتفاق کیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی ممبر یا عہدیدارڈسٹرکٹ پریس کلب کے آئین کو بلڈوز کر کے ادارے کے اندر سے شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری نہیں کرے گا،صحافیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد الزامات، گالم گلوچ کا جواب آئین و قانون، صحافتی اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دیا جائے گا، یکم جولائی 2024 تک ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں ممبر شپ حاصل کرنے کا سلسلہ اوپن کر دیا گیا ہے نئی ممبر شپ حاصل کرنے والے گریجویٹس صحافیوں کی درخواستیں لی جائیں گی جو پریس کلب کے طے شدہ ضابطہ اخلاق کے مطابق پورا اترے گا اسے پریس کلب کی رکنیت دی جائے گی،اجلاس میں صحافیوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ فاروق حیدر،شاہ غلام قادر،چوہدری محمد یاسین،چوہدری لطیف اکبر،دیوان چغتائی نے اقتدار میں آنے کے بعد ڈسٹرکٹ پریس کلب کی عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اس وقت تمام شخصیات ہی حکومت کا حصہ ہیں وہ آمدہ بجٹ میں ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کی جدید عمارت کو بھی شامل کروائیں تانکہ جہلم ویلی کے صحافیوں کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو پائے۔۔۔

By ajazmir