Tue. Dec 9th, 2025
617 Views

چناری(خصوصی رپورٹر)فاریسٹ گارڈ(ریٹائرڈ) محمد شفیق خان کی جواں سالہ صاحبزادی،ریڈ فاؤنڈیشن سکول چناری پرائمری سیکشن کی کوآرڈینیٹر محترمہ افراء شفیق آنت میں انفیکشن کے باعث دو ہفتے تک علیل رہنے کے بعد راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئی،مرحومہ کے ورثاء جب میت لیکر بکوٹ،کوہالہ پہنچے تو وہاں پر موجود مظاہرین نے ایمبولینس سمیت دیگر گاڑیوں کو رکاوٹیں ہٹا کر آزاد کشمیر کی طرف روانہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ریڈ فاؤنڈیشن چناری پرائمری سیکشن کی کوآرڈینیٹر افراء شفیق کو تقریباً دو ہفتے قبل پیٹ میں تکلیف ہوئی جس پر پہلے انھیں مظفرآباد پھر راولپنڈی لے جایا گیا، کئی روز تک ہولی فیملی ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد افراء شفیق انتقال کر گئیں،مرحومہ کی میت لیکر جب ان کے ورثاء اتوار اور پیر کی رات کوہالہ پہنچے تو مرکزی شاہراہ بند کر کے احتجاج میں شریک مظاہرین نے رکاوٹیں ہٹا کر ایمبولینس اور ان کے ساتھ آنے والی دیگر گاڑیوں کو آزاد کشمیر کی طرف روانہ کردیا، جس پر ورثاء نے مظاہرین کا شکریہ ادا کیا،افراء شفیق کی وفات پر ریڈ فاؤنڈیشن پرائمری سکول چناری پیر کے روز سوگ کے باعث بند رہا،معصوم بچے ان کی وفات پر افسردہ دکھائی دیے،مرحومہ کی نماز جنازہ پیر کے روز ان کے آبائی علاقہ کھٹائی میں خطیب جامع مسجد امام اعظم ابو حنیفہ چناری مولانا فرید احمد کی اقتداء میں ادا کی گئی جس میں چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلیطیب منظور کیانی،راجہ عثمان فاروق حیدر،ریٹائرڈ ڈپٹی کمشنر اشفاق گیلانی،صدر پریس کلب ہٹیاں بالا محمد زاہد اعوان،سابق صدر اعجاز احمد میر،ممبر ضلع کونسل راجہ انور،پروفیسر خواجہ فیصل شال،(ر)پرنسپل احمد دین لون،عدنان خان،راجہ عزیر سعید خان،ساجد ملک،سفیر یونس مغل،راجہ ساجد،ممبر لوکل کونسل عنصر اعوان،امجد اعوان،عابد مغل،خواجہ منظور شال ،راجہ بشارت داؤدسمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،مرحومہ کو اشکبار آنکھوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان،وزیر تعلیم آزاد کشمیر دیوان علی خان چغتائی،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے محمد شفیق خان کی جواں سالہ صاحبزادی کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت،بلندی درجات اور سوگواروں کے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔۔۔

By ajazmir