نیلم / ایل او سی ( پی آئی ڈی) 29 نومبر 2025
وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ بھارت نے جب بھی جارحیت کی اسے پاک فوج سے ہمیشہ شکست فاش ہوئی، اللہ کا شکر ہے کہ ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں ،مسلح افواج پاکستان ایل او سی پر وطن عزیز کے تحفظ کے لیے انگنت قربانیاں دیکر ہماری حفاظت کررہی ہے۔ بھارت کی غلط فہمی ہے کہ وہ لوگوں کے ذہنوں پر پہرہ لگا سکتا ہے۔میرا ایمان ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو جدوجہد آزادی کے لیے قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انشاء اللہ ہم ہندوستان کی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی نیلم کے دورہ کے دوران چلہانہ لائن آف کنٹرول پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت سردار جاوید ایوب ، سید بازل علی نقوی، پی پی رہنما راجہ مبشر اعجازبھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کہ معرکہ حق میں ریاست کی عوام اور ایل او سی پر بسنے والے لوگ پاک فوج کی پشت پر کھڑے رہے۔ انہوں نےکہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیریوں کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتی رہے گی۔مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجی چھاونی میں تبدیل ہو چکا ہے، بھارت کی 7 لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ لائن آف کنٹرول پر کھڑے ہو کر یہ احساس ہوتاہے کہ آزادی کا مطلب کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ہماری بہادر پاکستانی فوج نے ہمیشہ بھارتی فوج کو جارحیت کرنے پر لوہے کے چنے چبوائے۔دنیا کے لیے پیغام ہے کہ جعلی آزادی کا دیکھاوا کرنا بھارت کی چال ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا نعرہ ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نےکہا کہ ایل او سی پر رہنے والے لوگ بھارت کی جارحیت سے ڈرنے والے نہیں ہیں ، جب بھی وقت آیا پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نےکہا کہ ایل او سی کے عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔
نیلم( پی آئی ڈی)29 نومبر 2025
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کنڈل شاہی میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا فضل ہے موجودہ حکومت کے بنتے ہی کارکنان متحرک ہو چکے ہیں، ہم عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے،وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعظم دفتر کے دروازے عوام کے لیے کھلے رہیں گے۔عوام کو اب وزیراعظم کابینہ اور بیوروکریسی عوام کے بیچ نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو 8 ماہ ملے ہیں ، ہم 2026 میں بھی حکومت بنائیں گے ، ہمارے پاس وقت محدود ہے ، انشاء اللہ اس محدود وقت کو یادگار بنائیں گے ، راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ممتاز حسین راٹھور کا دور حکومت یاد گار دور حکومت تھا،عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کنڈل شاہی کے لیے سٹریٹ لائٹس لائٹس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اور عوام کے درمیان گیپ کو ختم کردیا ہے،عوام کا ریاست پر اعتماد بحال کردیا ہے،پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی خدمت میں ہیش پیش رہے گی۔
نیلم / کنڈل شاہی ( پی آئی ڈی) 29 نومبر 2025
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کنڈل شاہی میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے تاریخی استقبال۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کنڈل شاہی پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے کارکنان کا روایتی رقص کے ساتھ خیر مقدم کیا۔کارکنان نے لمبی قطاروں کی صورت میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا استقبال کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے کنڈل شاہی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اپنے والد کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں،ممتاز حسین راٹھور جب بھی نیلم آئے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔ فیصل ممتاز راٹھور کی حکومت کو بھی ممتاز حسین راٹھور کی حکومت کی طرح یاد رکھا جائے گا،آمدہ تعلیمی پیکج میں گرلز ہائی سکول کنڈل شاہی ،بوائز مڈل سکول بھی دیں گے، موسٹ سینئر وزیر نے کہا کہ کنڈل شاہی سے کٹن 5 کلومیٹر روڈ کا نوٹیفیکشن یہاں کے عوام کو ملے گا،کٹن واٹر فال کا نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، کٹن آرسی سی بریج کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ جا گراں میں ہائی سکول کو ہائی سیکنڈری سکول کا درجہ دیا گیا ہے، تعلیم صحت،انفراسٹرکچر کی سہولیات مہیا کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری جسکو پوراکرینگے۔
نیلم / جورا بازار ( پی آئی ڈی)
وزیراعظم آزاد کشمیرفیصل ممتاز راٹھور کا جورا بازار میں پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے فقید المثال استقبال۔سینکڑوں فٹ لمبی قطار میں کارکنان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا تاریخ ساز استقبال کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے کارکنان نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور کو بھی بھرپور الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کو پھولوں کے ہار پہنائے گے ، قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان کا وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے کا جورا بازار پہنچنے پر ڈھول کی تھاپ پر رقص۔ کارکنان کی جانب سے جئے بی بی شہید اور جئیے بھٹو شہید کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت سردار جاوید ایوب ، سید بازل علی نقوی، پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ مبشر اعجاز، ممبران ضلع کونسل، یو سی چیئرمین، پی پی کے مقامی رہنما و کارکنان کی بڑی تعداد
بھی وزیراعظم کے ساتھ موجود تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے فقید المثال استقبال پر کارکنان کا شکریہ ادا کیا ۔ موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے جورا بازار میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عوام اور حکومت کے رشتے کو مضبوط کرنا ہے ، محدود وقت میں بہت سے کام کرنے ہیں۔ ہمیں حکومت نہیں ذمہ داری ملی ہے،ایجوکیشن پیکج میں ہائیر سیکنڈری سکول جورا کو شامل کر لیا گیا ہے۔ انشاء اللہ کام کریں گے اور سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بانڈی اشوکٹ کی قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں ، پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی حکومت ہے ، میاں عبدالوحید نے کہا کہ ممتاز حسین راٹھور کا دور حکومت یادگار دور تھا ، موجود حکومت نے کام کرنا ہے اور اگلے پانچ سالہ دور کے لیے حکومت بنانی ہے ، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔ انہوں نےکہا کہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہید بھٹو اور شہید بی بی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے ، میاں عبدالوحید نے کہا کہ صحت اور تعلیم پر توجہ کو مرکوز کیا ہے،اللہ پاک کارکنان کے جذبوں کو سلامت رکھے۔
نیلم( پی آئی ڈی) 29 نومبر 2025
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا دورہ نیلم۔ مظفرآباد سے لیکر اٹھمقام تک ہر یونین کونسل میں عوام الناس و پی پی کارکنان کی جانب سے تاریخ ساز استقبال۔کہوڑی پل، پٹہکہ ، جبار ، پنجگراں ، بلگراں ، دھنی ، نوسدہ ، نوسیری، ماربل، باٹا، باڑیاں، جورا، کنڈل شاہی اور اٹھمقام میں میں وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا۔فضاء جیئے بھٹو، جئیے بینظیر ، جئیے بلاول اور جئیے فیصل ممتاز راٹھور کے نعروں سے گونجتی رہی۔
پٹہکہ بازار پہنچنے پر کارکنان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے انکو ویلکم کیا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔استقبال کے دوران تحریکِ آزادی کے حق میں بھی زبردست نعرے بازی کی گئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیر جنگلات کے گھر سرلی سچہ بلگراں کلاؤڈ برسٹ کے متاثرین کو امدادی چیک بھی دیے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ، وزیرجنگلات آزاد کشمیر سردار جاوید ایوب، وزیر صحت سید بازل علی نقوی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے جگہ جگہ استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔پٹہکہ میں وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے وزیراعظم کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام بھی کیا تھا۔
وادی نیلم ( پی آئی ڈی) 29 نومبر 2025
وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وادی نیلم کے دورہ کے دوران مختلف مقامات پر استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمود ٹوٹ چکا ہے ، عوام کی نمائندہ حکومت عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی،آزادکشمیر میں طویل عرصے بعد پیپلز پارٹی کو عوامی خدمت کا موقع ملا ہے،عوام کی محرومیوں کا ہر ممکن ازالہ کریں گے ،راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی،عوام سے رشتے کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے ، فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے، انشاء اللہ فاسٹ ٹریک پر چیزوں کو لا کر عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نےکہا کہ جلد ہیلتھ اور ایجوکیشن پیکج لا رہے ہیں۔
اٹھمقام ( پی آئی ڈی) 29 نومبر 2025
وزیراعظم آزاد کشمیر کا نیلم کے ضلعی صدر مقام اٹھمقام پہنچنے پر بھی پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی آمد کی خوشی میں پیپلز پارٹی کے کارکنان کا ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیے گئے۔ اٹھمقام کی فضاء “ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” پاک افواج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اٹھمقام میں انکے استقبال کیلئے موجودہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کی جنگ عوامی نمائندگی کے ذریعے ہوتی ہے، نیلم دور آفتادہ علاقہ ہے نیلم کی احساس محرومیوں کو دور کریں گے، نیلم کے مسائل کو اولین ترجیحات میں رکھیں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اٹھمقام ڈسٹرکٹ ہسپتال کو اپگریڈ کر کے 100 بیڈ کا اسپتال بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔میونسپل کمیٹی اٹھمقام کے لیے سپیشل گرانٹ سے فنڈز دیں گے،ٹیلی کمیونیکشن کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کریں گے ، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اٹھمقام کے لوگ ایل او سی پر دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔انہوں نےکہا کہ ہمارا پاکستان کے ساتھ رشتہ کلمہ کی بنیاد پر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر بنتے پہلا دورہ نیلم کا رکھا ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کچھ حریف یہ سوچ رہے ہیں کہ یہ چھے ماہ کی ہے ، یہ حکومت اپنی کارگردگی سے 2026 میں الیکشن میں کامیاب ہونے کے لیے آئی ہے۔ ایسے کام کریں گے کہ آنے والے عرصے میں پیپلز پارٹی کا کوئی مقابلہ نہ کرسکے گا۔اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹھمقام میں عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے ، ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ، عوام اپنی افواج کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نےکہا کہ پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
*****

