اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جماعت آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے،کشمیر کے مسائل کا سیاسی حل موجود ہے اور مسائل کا حل نکالنا ہی پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ کشمیر کی عوام سے وعدہ کرتا ہوں آپ کو مایوس نہیں کروں گا، نئے وزیراعظم کا اعلان کشمیر سے ہوگا،اسلام آباد سے نہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے، اسمبلی کا بقیہ جتنا بھی وقت رہ گیا ہے، اس میں ان کی خدمت کریں گے، وزیراعظم اور ہمارے ایم ایل ایز عوام کے لیے دستیاب ہوں گے،اگر خدمت نہ ہو سکی تو اس کا زمہ دار بلاول بھٹو زرادری ہوگا،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی بنیاد کشمیر کی وجہ سے رکھی گئی، پیپلز پارٹی کشمیر کے لیے 3 نسلوں سے لڑ رہی ہے، ہر فورم پر کشمیر کے عوام کا مقدمہ لڑا ہے،بلاول بھٹو زراداری نے کہا کہ ہم نے گزشتہ الیکشن میں حصہ لیا،اس الیکشن کے وقت عمران خان کی حکومت تھی، اسٹیبلشمنٹ کے معاملات آپ کے سامنے تھے،سب حالات کے باوجود ہم نے الیکشن جیتا تھا، تاہم، انہوں نے ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا۔غیر سیاسی سوچ کی وجہ سے کشمیر میں ایک سیاسی خلا پیدا کیا گیا،جس کی وجہ سے کشمیر کی عوام کو مقامی و بین الاقوامی سطح پر نقصان ہو رہا ہے،دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سیاسی صورت حال، تنظیمی امور اور عوامی مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی،

اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک تھیں،آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے بلاول بھٹو زرداری کو خطے کی مجموعی سیاسی فضا اور عوامی مشکلات سے آگاہ کیا، اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے میں بہتری اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر بات چیت کی گئی،سابق وزیراعظم اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سمیت سینئر رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی،شریک رہنماؤں میں چوہدری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب، سردار محمد یعقوب خان، میاں عبدالوحید، جاوید اقبال بندھانوی، سید باذل نقوی، سردار ضیاء قمر، چوہدری قاسم مجید اور چوہدری عامر یاسین شامل تھے،اسی طرح عامر غفار لون، چوہدری علی شان، جاوید بٹ، رفیق نیر، سردار احمد صغیر، نبیلہ ایوب، عبدالماجد خان، عاصم شریف، چوہدری محمد اکبر، سردار فہیم اختر ربانی، یاسر سلطان، چوہدری محمد اخلاق، چوہدری محمد ارشد، سردار محمد حسین، ملک ظفر اور چوہدری محمد رشید بھی اجلاس میں موجود تھے،خصوصی مدعوئین میں چوہدری پرویز اشرف، چوہدری محمد ریاض اور سردار تنویر الیاس خان نے بھی شرکت کی،ذرائع کے مطابق اجلاس میں تنظیمی اصلاحات، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید موثر بنانے پر خصوصی زور دیا گیا،پیپلز پارٹی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
