Tue. Feb 27th, 2024
290 Views

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) 26 نومبر 2023
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادجموں و کشمیر اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی ،چند سیاسی یتیم اور سیاسی بیروزگار جو ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں اس میں ناکامی ہو گی ۔قبل از وقت انتخابات کا خواب دیکھنے والے کوتاہ اندیشی کا شکار ہیں ۔اتحادی حکومت عوام کی خدمت اور ریاست کی ترقی کیلیے کمربستہ ہے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوے وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ گزشتہ انتخابات کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ مودی ایل او سی پر بیانیہ گڑھ کر انتخابات میں حمایت حاصل کرتے ہیں لیکن اگر اس بار ایل او سی پر اشتعال کی کوشش کی تو مسلح افواج پاکستان کسی بھی ایسے ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کیلیے ہوری طرح تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک عقوبت خانے بن چکا ہے بھارتی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے وہاں انتخابات کے حوالے سے بھارت جنگی جنون کو ہوا دیتا ہے بھارت نے جب کچھ عرصہ پہلے جارحیت کی کوشش کی تو اسکا ایک طیارہ مار گرایا گیا اور پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ 1995 سے لیکر 2023 تک آزادکشمیر میں صرف ایک بار اسمبلی ٹوٹنے کا واقعہ ہوا۔ حکومت نے چونکہ کرپشن اور بددیانتی کو آہنی ہاتھوں سے روکا ہے اس لئے ایسے سیاسی بےروزگاروں کی خواہش پوری نہیں ہوگی انشاءاللہ آزادکشمیر اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت برسر اقتدار ہے جس نے ہر محکمے میں شفافیت کو متعارف کرایا ہے ،ہمارا بجٹ صرف وفاق سے ہی نہیں آتا ہماری چالیس سے پچاس ارب کی اپنی آمدن بھی ہے ،حکومت نے چھ ماہ سے بہترین کام کیا ،شروع میں کچھ عرصہ آئینی ترمیم لانے میں لگا ،پھر سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا گیا ،اس تمام عرصے میں تئیس سے چوبیس ارب روپے خرچ کئے الحمد للہ کسی جگہ ایک پائی کی کرپشن کی خبر نہیں لگی ،سابق وزیراعظم نے 700 کروڑ خرچ کئے جس کی آزادکشمیر اسمبلی نے منظوری نہیں دی ،احتساب کے قانون کو اتحادی حکومت کی مشاورت سے نافذ کریں گے اور موثر بنائیں گے ۔تعمیر کشمیر پروگرام کے نام سے گیارہ ارب روپے سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کر رہے ہیں ،800 کلومیٹر تعمیر کشمیر پروگرام پر اور تین ارب روپے صحت کے شعبہ میں خرچ کئے جا رہے ہیں جن سے ایک فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا

By ajazmir