Wed. Jun 26th, 2024
336 Views

مظفرآباد ( ) معروف ماہر تعلیم و سماجی شخصیت “کے زیڈ کے فاونڈیشن” کی چیئرپرسن محترمہ خدیجہ زرین خان نے کہا ہے کہ عظیم آزادی پسند کشمیری راہنما، بابائے حُریت سید علی گیلانی شہیدؒ نے پوری زندگی جموں کشمیر کی آزادی کیلئے وقف رکھی جن کا مشن جاری رکھیں گے، عظیم کشمیری قائد کی دوسری برسی پر اپنے خصوصی بیان میں محترمہ خدیجہ زرین نے کہا کہ عظیم حریت قاید عزم وہمت کا پیکر، جرات و بہادری کے اعلیٰ کردار تھے۔ ریاست جموں کشمیر کے عوام اپنے عظیم قائد کو انکے دوسرے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ خدیجہ زرین نے کہا کہ سید علی گیلانی شہیدؒ مقبوضہ جموں کشمیر میں آزادی، حق خودارادیت اور الحاق پاکستان کی توانا آواز تھے۔ شہیدؒ گیلانی نے اپنی ساری زندگی کشمیر اسمبلی سے لے کر کشمیر کے ہر شہر ہر ضلعے اور گاؤں میں نہ صرف بھارت کو للکارا بلکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ سید علی گیلانی شہیدؒ نے آزادی کیلئے لازوال اور انتھک جدوجہد میں پوری زندگی وقف کی۔ مقررین نے کہا کہ ریاست کا وہ عظیم سپوت سید علی گیلانی نہ تھکنے والا نہ جھکنے والا اور نہ ہی شہادت تک رکنے والا عظیم قائد تھا۔ آج جموں کشمیر کے عوام سید علی گیلانی کو انکی عظیم جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ سید علی گیلانی نے ساری زندگی کشمیری عوام کی آزادی، حق خودارادیت، سیاسی، سماجی، مذہبی حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی شہیدؒ گیلانی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کی بنیاد پر آزادانہ طور رائے شماری کے زریعے حل کرنے کی ضرورتوں پر زور دیا۔ محترمہ نے کہا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی شہیدؒ پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت و عقیدت رکھتے تھے انہوں نے اسلام کے رشتے سے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ مستانہ بلند کیا۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا جو تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ۔ سید علی گیلانی شہیدؒ نے ریاست میں جہاں مسلمانوں کے حقوق کی بات کی وہیں وہ غیر مسلم شہریوں کے حقوق کی بھی پاسداری سکھاتے تھے محترمہ نے اس بات کا عزم دہرایا کہ سید شہیدؒ کے مشن کی تکمیل تک بھارت کے فوجی قبضے کیخلاف عوامی مزاحمت ہر محاذ پر جاری رہے گی۔

By ajazmir