جنت کی شہزادی حلیمہ ”
تحریر فرخندہ ظفر
کل حادثے کا شکار ہونے والی اے پی ایس سکول کی گاڑی میں ہمارے خاندان کے چار بچے سوار تھے ۔ حبیب ،زویا ،عکسہ اور حلیمہ ۔ زویا اور عکسہ معمولی زخمی ہوئیں ،حبیب کو گہری چوٹیں آئیں جبکہ حلیمہ ہم سے ہمیشہ کےلئے بچھڑ گئی ۔ حلیمہ میرے مرحوم کزن مسعود عارف کی بیٹی تھی ۔جو تقریباً ڈیڑھ سال قبل اچانک اس دارفانی سے کوچ کرگئے تھے۔ انکی بیوہ جو کہ میری چچازاد بہن ہیں نہایت صبر اور حوصلے سے اپنے یتیم بچوں کی کفالت کر رہی تھی کہ ان پر غم کا ایک اورپہاڑ ٹوٹ پڑا۔ ان کی عکسہ کو تو اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ نے بچا لیا لیکن حلیمہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملی۔ حلیمہ تمام بہن بھائیوں میں سے سمجھدار بچی تھی میں نے اسے کبھی بھی اپنی ماں سے بجا ضد کرتے ہوئے نہیں دیکھا البتہ بابا کے جانے کے بعد اسکی مسکراہٹ کہیں کھو گئی تھی۔
حلیمہ بہت محنتی بچی تھی ۔اب کی بار میں اسکا چھٹیوں کا کام دیکھ کر دنگ رہ گئی اس کی ڈرائنگ نہایت عمدہ تھی ۔ عکسہ شرارتیں کرتی رہتی جبکہ حلیمہ پڑھائی میں مگن ہوتی ۔اسے اپنے بابا کا (ڈاکٹر بننے کا )خواب پورا کرنا تھا مگر اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ کو کچھ اور ہی منظور تھا۔وہ جو علم کی طلب میں نکلی تھی ،جنت کی وادیوں میں جا پہنچی ۔یہ پھول اپنی لطافت کی داد پا نہ سکا
کھلا ضرور مگر کھل کے مسکرا نہ سکا۔حلیمہ آپ تو چلی گئی اب آپکی ماما کے آنسو کون پونچھے گا؟ انکی ڈھارس کون بندھائےگا؟ حلیمہ کے انتقال پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ہمارا پورا خاندان اس صدمے سے نڈھال ہے۔ حلیمہ کی ماں کی کفیت بیان کرنے کے لیے تو الفاظ ہی نہیں مل رہے۔
آ، عندلیب! مِل کے کریں آہ و زاریاں
تُو ہائے گل پکار، میں چلاؤں ہائے دل میرا تقدیر پر ایمان ہے مگر کچھ حفاظتی اقدامات ضرور ہونے چاہیے ۔سکول کی لوکیشن نہایت ہی اہمیت کی حامل ہے۔سکول والی جگہ وسیع ہونی چاہیے تاکہ ارد گرد گاڑیوں کازیادہ رش نہ ہو۔اسکے علاوہ پک اینڈ ڈراپ والی گاڑی کا کنڈیشن وائز ٹھیک ہونا بہت ضروری ہے ۔انتظامیہ سے گزارش ہےاس سے پہلے ہمیں کسی اور سانحہ سے گزرنا پڑے خدارا ان فٹ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی لگا دیں خاص طور پر جو معصوم بچوں کو سکول چھوڑنے اور لینے جاتی ہیں انکا چیک اینڈ بیلنس رکھنا بہت ضروری ہے ۔ایک ماں کی حیثیت سے میں چاہتی ہوں کہ مجھے اپنے بچوں کا مستقبل نہیں بلکہ ان کی زندگی چاہیے لیکن پھر ان بچوں کی ضرورت کے لیے انھیں سکول بھی تو بھیجنا ہے ۔اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ میرے سمیت تمام ماؤں کے بچوں کو سلامت رکھے ۔آمین