لاہور: سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی مسلم لیگ میں شمولیت
سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی مسلم لیگ ہاؤس آمد پر کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسلم لیگ میں شمولیت کے حوالے سے مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کی جس میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین، چوہدری شافع حسین، طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک اور دیگر اہم شرکاء بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسلم لیگ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک، چوہدری شافع حسین سمیت مسلم لیگ کے تمام عہدیداران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران کے کے باوجود بھی سیاستدان اکٹھے بیٹھے کو تیار نہیں، ملک کو بحران سے نکالنے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اکٹھے بیٹھنا ہو گا، میں ملک کی تمام قوتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیے مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کا آغاز کریں۔جو بھی عہدہ سونپا جائے مقصد ملک و قوم کی خدمت ہے۔ الحمدللہ میں پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جو برطانوی پارلیمنٹ، سینیٹ آف پاکستان اور 2 مرتبہ گورنری کے عہدے پر بھی فائز رہا ہوں مجھے اب عہدوں کا لالچ نہیں۔ مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری خاندان کی سیاست اور شرافت پوری قوم کے سامنے ہیں اور میں عوامی خدمت کا مشن لے کر اس پارٹی میں آیا ہوں اور میری سب سے پہلے کوشش ہوگی کہ مسلم لیگ کو صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی فعال کریں گے اور جہاں بھی عوامی مسائل اور پاکستان کے مفادات کی بات ہوگی ہم سب سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔ پورے پاکستان میں مسلم لیگ کی رکنیت سازی اور تنظیم سازی کی جائے گی اور زیادہ سے زیادہ سیاسی عوامی لوگوں کو پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بنائیں گے۔ پاکستان میں اس وقت جو محاذ آرائی اور ٹکراؤ کی خطرناک سیاست ہو رہی ہے یہ کسی بھی صورت میں ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ چوہدری سرور نے پاکستان کے موجودہ مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معیشت ہے اگر ہمیں پاکستان کو بچانا اور مضبوط بنانا ہے تو اس کے لیے الیکشن سے پہلے ملک میں معیشت کو مضبوط بنانا ہو گا کہ اس وقت کے موجودہ معاشی حالات سے مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے عوام کی زندگیاں بدترین مشکلات کا شکار ہیں عوام کو ریلیف سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔سربراہ مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین نے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب چوہدری محمد سرور کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم سب ایک ایسی شخصیت کو پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہتے ہیں جن کا پاکستان اور برطانیہ کی سیاست میں اہم کردار ہے۔ میں ذاتی طور پر ان کو 20 سے 25 سالوں سے جانتا ہوں۔ چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ کا وجود قرآن و سنت کی روشنی میں پاکستان کی بقا، ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے پاکستان مسلم لیگ صرف ایک نام نہیں ایک ایسی سوچ اور جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں قائداعظم کی سوچ اور نظریہ کے مطابق پاکستان اور پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ صفحہ اول میں موجود رہی ہے۔

200 Views