تھانہ صدر چکوال کے علاقہ اڈھروال میں پرانی دشمنی کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسرار علی ولد عبدالرحمٰن سکنہ اوڈھروال حبیب بینک کے اے ٹی ایم بوتھ سے رقم نکلوا کر جونہی باہر نکلا تو اس پر نا معلوم افراد نے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں اسرار علی شدید زخمی ہو گیا جب کہ رکشہ میں سوار شادی شدہ خاتون بھی فائرنگ کی زد میں آ گئی۔ دونوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کیا گیا تا ہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسرار علی دم توڑ گیا جب کہ زخمی خاتون کا علاج جاری ہے، تھانہ صدر پولیس نے ابتدائی تفتیش شروع کردی ہے تا ہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ مقتول اسراراحمد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔