Thu. Mar 28th, 2024
261 Views

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری اور پاکستانی آباد ہیں وہ مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم مرحلے میں اگر ہم نے کوئی کوتاہی کی تو نہ ہی تاریخ اور نہ ہی آنے والی نسلیں ہمیں معاف کریں گی لہذا ہمیں اتحاد و یگانگت سے جہاں مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے اُٹھانا ہے وہاں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بندکرانے کی جانب بھی دنیا کی توجہ مبذول کرانی ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری اس وقت ایک مشکل اور سنگین صورتحال سے گزر رہے ہیں لہذا ہمیں عالمی برادری پر زور دینا ہو گا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جاری مذموم عزائم سے روکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں برطانیہ کے شہر لوٹن میں ایک جلسہ عام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ ساؤتھ زون کے صدر چوہدری حکم داد نے کی جبکہ جلسہ سے برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین، لوٹن کی میئر سمیرا اسلم راجہ، چوہدری شفاعت حسین پوٹھی، چوہدری معروف، لوٹن کے ڈپٹی میئر اسلم خان، کونسلر کامران، چوہدری شاکر، چوہدری معروف، چوہدری طارق،جمیل ظفر بھٹی،احمد ارشد، چوہدری مہربان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیر عوام مقبوضہ کشمیر میں ایک اذیت ناک صورتحال سے گزر رہے ہیں اور بھارت کے ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ لہذا ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری اور پاکستانی آباد ہیں جہاں مسئلہ کشمیر پر دنیا کی توجہ مبذول کرائیں وہاں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار کریں۔ لہذا میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں سے کہوں گا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ایوانوں تک پہنچائیں۔
٭٭٭٭٭


لوٹن( )05 فروری 2023ء
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہ لوٹن کے دوران لوٹن میں سکھوں کے گردوارہ کا بھی دورہ کیا جس کی دعوت انہیں گردوارہ کے سیکرٹری جنرل مان سنگھ نے دی تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سکھ رہنماؤں نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہاں وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرتے ہیں وہاں پر بھارت میں آباد سکھوں اور دیگر اقلیتوں کے لئے بھی آواز بلند کرتے رہتے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے بلکہ خود بھارت کے اندر مقیم مسلمانوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں پر بھی مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے جس سے بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے کہ بھارت میں جمہوریت نہیں بلکہ ایک منتخب آمریت ہے جو وہاں کی اقلیتوں پر عرصہ حیات تنک کیے ہوئے ہے۔ بھارتی سرکار ہندوتوا کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس سے وہاں پر آباد اقلیتوں کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہم جہاں پوری دنیا میں کشمیریوں کے حق کے لئے آواز اُٹھاتے ہیں وہاں پر ہم سکھوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭
اسلام آباد( )05 فروری 2023ء
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستان کے سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کے انتقال پر اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جب میں وزیر اعظم تھا جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پاکستان کے صدر تھے اور اُن کی مسئلہ کشمیر پر ایک زبردست کمٹمنٹ تھی اور ہم دونوں نے مل کر بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُٹھانے کے لئے کوششیں کیں۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کے سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کی ملک و قوم، مسلح افواج اور مسئلہ کشمیر کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں، آمین۔

By ajazmir