Thu. Mar 28th, 2024
202 Views

مظفرآباد(پی آئی ڈی)5فروری 2023
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یادگار شہداء پر حاضری دی۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا یادگار شہداء آمد پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے استقبال کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور انکے درجات بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔ کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان،ڈی آئی جی پولیس عرفان مسعود کشفی، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد طاہر ممتاز ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے

مظفرآباد(پی آئی ڈی)05 فروری2023
قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ غیر معمولی اجلاس بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں G-20کانفرنس کروائے جانے کے اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ریاست جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ یہ اجلاس اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیرکی آزادی کی جدوجہد ہر صورت میں برقرار رکھی جائے گی۔ یہ اجلاس بھارت کی جانب سے کشمیری راہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے اپیل کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ ریاست میں رواں رکھی گئی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ آزادجموں وکشمیر اسمبلی کا یہ اجلاس پاکستان کے 23کروڑ عوام کی جانب سے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ حمایت پر انہیں ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی)05 فروری2023
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سپیکر نے ممبران اسمبلی سردارعبدالقیوم نیازی، وقار احمد نور اور میاں عبدالوحید پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام اورشہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کروائی۔
قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبرنے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیرتاریخ اور روایت بن چکی ہے جو کہ پاکستان کا کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کا پیغام ہے۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ ہندوستان کو کشمیر کی سرزمین سے محبت ہے کشمیریوں سے نہیں۔ پاکستان کی جانب سے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کی جاتی ہے جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔ میری گزارش ہے کہ بیرون ممالک دوروں کے دوان کشمیریوں کو نمائندگی کیلئے ساتھ لیکر جائیں۔ وقت کی ضرورت ہے کہ اس حوالہ سے لائحہ عمل بنانے کیلئے ایک میٹنگ رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت نظربند، کشمیریوں پر ظلم اور خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ موجودہ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھایا ہے،بالخصوص وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ نے اس حوالہ سے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی کانفرنس کا انعقاد کروانا چاہتا ہے، متنازعہ علاقہ میں ایسا نہیں ہو سکتااور یہ عمل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ پاکستان میں جو حالیہ مردم شماری ہورہی ہے اس میں کشمیری مہاجرین کی شناخت کیلئے الگ خانہ رکھا جائے۔
اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کا یہاں ہونا مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان جس حالت میں بھی ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے ہم سب اکھٹے ہیں۔ یہاں سے متحد ہو کر پیغام دیتے ہیں کہ جو کشمیریوں اور پاکستانیوں خو جدا کرنے کی کوشش کرے گا اسکو ناکامی ہوگی۔ شاہ غلام قادر نے کہاکہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی تو دنیا میں جہاں بھی موقع پر کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیریوں کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا جس پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2017میں قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جانے سے قبل آزادکشمیر اور حریت قیادت کے ساتھ مشاورت کیلئے مظفرآباد تشریف لائے اور پھر جنرل اسمبلی میں جاکر برہان وانی کو شہید قراردیا۔ جس سے مقبوضہ کشمیر کے جوانوں خو یقین ہوگیا کہ پاکستانی قیادت انکو بھلا نہیں سکتی۔ شاہ غلام قادر نے کاکہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کررہا ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہندوستان سرینگر میں سرینگر میں نو ہزار کنال زمین کو خالی کروا کروہاں غیر ریاستی باشندے بسانا چاہتا ہے جہاں کشمیری مسلمان بستے ہیں۔ شہباز شریف کو آزادکشمیر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کی مظفرآباد آمد سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، وزیراعظم پاکستان کا یہاں آنا پاکستانی قوم کی کشمیریوں کے ساتھ محبت کا احساس دلاتا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1975میں اس دن ہڑتال کی کال دی تھی اس کے بعد محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اس دن کوسرکاری طور پر منایا اور اس کے بعد تمام حکومتوں نے اس دن کو سرکاری طور پر منایا۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت نازک مرحلے سے گزر رہی ہے،ہندوستان نے 5اگست2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے وہاں لاک ڈاؤن لگا دیا جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا لاک ڈاون ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ دہشتگردی میں افواج پاکستان اور فورسز کے جو جوان شہید ہوئے انکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، دشمن کبھی پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ و ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے کہاکہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں، 1947میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے گھر پر تحریک الحاق پاکستان منظور ہوئی، ہم سب نے یہاں سے تحریک آزادی کشمیر کو آگے لیکر جانا ہے اور کامیاب کرنا ہے۔ہندوستان نے 5اگست2019کو جب مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا تو اس کے بعد پاکستان کی طرف سے وہ ردعمل نہیں آیا جو آنا چاہیے تھا۔ پاکستان کو کشمیر ی قیادت کو ساتھ آگے جاناتھا لیکن یہ عمل نظر نہیں آیا اور پانچ اگست 2019کے بعد یہ فاصلہ بڑھتا چلا گیا، اس فاصلے کو کم کیا جائے، کشمیری قیادت کو پالیسی میکنگ میں آن بورڈ لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کوئی بھی ایسا فارمولا قابل قبول نہیں جس میں کشمیری قیادت کو سائیڈ لائن کیا جائے، اس حوالہ سے خصوصی کمیٹی بنائی جائے جو ان تحفظات کو دور کرے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کو آزادکشمیر آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی)05 فروری2023
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلا س کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر و سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہاکہ قوموں کو آزادی کی جنگیں خود لڑنا پڑتی ہیں، ظلمت کی گھڑیاں طویل نہیں ہو سکتیں، اس وقت ہمارا وکیل مشکلات کا شکار ہے، ہمارے ملک پر دوبارہ دہشتگردی مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔ ان چیلنجز کو ساتھ لیتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کا سیاسی ماحول اس وقت کشیدگی کا شکار ہے۔ ہندوتوا کی ہندوستانی حکومت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کی کوشش کرہی ہے۔ مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں اور شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کا منصوبہ جو کہ2017 پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ منصوبے کی لاگت2800ملین تھی جو کہ اب ریوائزڈ ہو کر4200ملین ہو گئی ہے۔ اب تک اس منصوبے کیلئے974ملین روپے ریلیز ہوئے ہیں باقی فنڈز کی فراہمی بروقت یقینی بنائی جائے تاکہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شہباز سپیڈ کے ساتھ ایک سال کے اندر مکمل کیا جا سکے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی)05 فروری2023
وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آج صرف کشمیریت ہے، آج ہر کشمیری پاکستانی اور ہر پاکستانی کشمیری ہے،پاکستان مشیت الہیٰ ہے، پاکستان اسلام اور نظریے کی بنیاد پر بنا۔ کشمیری اپنی مسلح افواج کے آگے چلیں گے۔ ہندوستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی اور اس کے بعداب وہاں کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہا ہے، کشمیری ہندوستان کی انوسٹمنٹ کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، قائد حریت سید علی گیلانی نے کہا تھا کہ ہندوستان اگر سڑکوں پرتارکول کی جگہ سونا بھی بچھا دے تو کشمیری اسکو جوتے کی نوک پر رکھیں گے۔ کشمیری حضرت امام حسین ؓ اور حضرت خالد بن ولید ؓ کی راہ پر چلنے والے ہیں۔ کشمیریوں کے ساتھ ہندوستان نے خود کمٹمنٹ کی اور مکر گیا، ہم مسلمان ہونے کے ناطے ہندوستان کی عیاری اور مکاری کو نہ سمجھ سکے۔ گزشتہ 75سالوں میں کونسی ایسی قربانی ہے جو کشمیریوں نے نہیں دی۔ مقبوضہ کشمیر میں کئی برہان وانی تحریک آزادی کیلئے قربان ہوگئے۔ مقبوضہ کشمیر کی بہنیں جب گھروں سے نکلتی ہیں تو ہندوستان کو اسکی اوقات یاد دلاتی ہیں۔جموں کا پنڈٹ بھی کہتا ہے کہ میں پاکستانی ہوں۔ پاکستان دنیا کی مظلوم قوموں کی توجہ کا مرکز ہے۔ مسئلہ کشمیر ایک سلگتی چنگاری ہے اگر ہندوستان باز نہ آیا تو یہ چنگاری پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔اس مقدس ایوان آمد پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم نے اجلاس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن اقوام عالم کو یاد دلاتا ہے کہ تقسیم ہند کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کیا جائے۔ کشمیریوں کا کیا قصور ہے، اگر ایسٹ تیمور اور سوڈان میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیرمیں کیوں نہیں ہو سکتا؟۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے برطانیہ کی ذمہ داری زیادہ ہے برطانیہ تقسیم ہند کو نامکمل چھوڑ کر گیا۔ ہندوستان کے 27کروڑ مسلمانوں کی غیرت کہاں ہے؟۔غیر ت کشمیر کے اندر ہے، کشمیریوں کی تاریخ ہے کہ 22لوگوں نے آذان کی تکمیل کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہاکہ ہم وزارت خارجہ کے ساتھ ملکر اپنا کردارادا کریں گے۔ کشمیر کو دیکھیں تو مظلومیت اور انسانیت یاد آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے جی ٹونٹی کانفرنس کے مقبوضہ کشمیر میں انعقاد کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی سیکرٹری جنرل سے کہا تھا کہ اپنے سیکرٹریٹ میں کشمیریوں کو بھی بیٹھائیں۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی و کشمیری قوم دنیا کو دکھاتی ہے کہ یہ ایک ایسا لاوا ہے کہ اگر پھٹ پڑا تو تم بھی اسکی لپیٹ میں آو گے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کی نئی لہر آئی ہے، مسلح افواج نے قربانیاں دیکر ملک میں امن قائم کیا تھا، مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عمران خان نے بطور وزیراعظم پاکستان آزادکشمیر کیلئے پانچ سو ارب کا پیکج دیا تھا اس کو بحال کیا جائے، ٹیکس کے حوالہ سے آزادکشمیر کو ریلیف دیا جائے، آزادکشمیر میں آٹا کا مسئلہ ہے اس سلسلہ میں حکومت آزادکشمیر نے اپنی گزارشات بھی بھیجیں ہیں۔ اگر ممکن ہوتو ہر ممبرقانون ساز اسمبلی کو پانچ پانچ کروڑ روپے دیے جائیں تاکہ یہ اپنے علاقوں میں تعمیر و ترقی کروا سکیں۔ مظفرآباد میرپور شہر میں گیس کی ضرورت ہے اس پر بھی غور کیا جائے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی)05 فروری2023
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کا آزادجموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کاد ورہ، ہیلی پیڈ پر قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق، وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویرالیاس خان اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ نے استقبال کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے مظفرآباد میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ وفاقی وزراء خواجہ سعید رفیق، مریم اورنگزیب، مرتضیٰ جاوید عباسی، رانا تنویر،مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائزہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ قانون ساز اسمبلی آمد پر آزادجموں وکشمیر پولیس نے وزیراعظم پاکستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے قانون ساز اسمبلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور آزادکشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔

By ajazmir