Thu. Mar 28th, 2024
326 Views

لاہور( )صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ این اے 33لاہور کے ضمنی انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سب سے بڑی وفاقی جماعت ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرح چاروں صوبوں کی زنجیر اور پاکستان کیلئے اتحاد واتفاق تعمیرو ترقی اور خوشحالی کی علامت بن کر ابھر رہے ہیں۔پنجاب کے دل لاہور میں جیالے چند دن متحرک ہوئے تو سیاسی صورتحال ہی تبدیلی کی جانب چل پری ہے۔آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔ان خیالات کا اظہار این اے 33لاہور کے ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف انتخابات سے راہ فرار اختیار کر چکی تھی کیونکہ ان کے پاس کوئی بیانیہ نہیں تھا۔ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا نعرہ لگانے والوں نے لوگوں کے سر سے چھت چھین لی۔برسر روزگار لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔عام آدمی کے منہ سے نوالہ چھین لیا۔جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت عوام کو تنہا چھوڑ کر لندن میں بیٹھی ہے۔لوگ مسلم لیگ ن سے بھی مایوس ہو چکے ہیں اس لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو عام انتخابات کے مقابلے میں نصف ووٹ بھی نہیں ملے۔جو تبدیلی کا واضح ثبوت ہے ان کے مقابلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار مسلم لیگ کو عام انتخابات کے مقابلے میں ساڑھے چھبیس ہزار ووٹ زیادہ ملے ہیں۔جو پنجاب کے دل لاہور میں ایک ریفرنڈم ہے جس کا فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کے حق میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی حالات بدل رہے ہیں اہم سیاسی شخصیات پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔آئندہ انتخابات میں وفاق اور چاروں صوبوں میں پاکستان پیپلزپارٹی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیراعظم ہونگے ملک کو تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

By ajazmir