Fri. Mar 29th, 2024
241 Views

 

لاہور( ) 19ستمبر2021ء

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ 25ستمبر کو جب مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نیویار ک میں خطاب کرنے کے لئے آئے گا تو اس وقت کشمیری اقوام متحدہ کے د فتر کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گے ہیں اور ضروری اجازت نامے حاصل کر لئے گے ہیں۔ اس مظاہرے میں پاکستانی اور کشمیری نہ صرف نیو یارک بلکہ امریکہ بھر سے شرکت کے لئے آئیں گے۔ میں 23ستمبر کو او آئی سی کنٹیکٹ گروپ کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے مسئلہ کشمیر بریفنگ دوں گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کے بعد مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں عالمی فورمز پر اٹھایا جائے۔ میں اس سلسلے میں پنجاب کے لوگوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہمیشہ کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے اوربھرپور کوششیں کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میٹ دی پریس کی صدارت صدر پریس کلب ارشد انصاری نے کی جب کہ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے سیکرٹری جنرل زاہد چوہدری، مشیر حکومت چوہدری مقبول احمد، مشیر حکومت حافظ حامد، چوہدری غلام حسین اور پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین بھی ا موجود تھے۔ صدر ریاست نے مزید کہا کہ میں خود بیرون ملک جا کر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھاؤں گا اگرچہ کرونا کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصے میں اس سلسلے میں دشواری کا سامنا رہا۔ لیکن مجھے یورپی پارلیمنٹ،برطانوی پارلیمنٹ، نارویجن پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت ہے میں جلد ہی اس سلسلے میں اوورسیز کشمیریوں کو متحرک کروں گا اور مسئلہ کشمیر پر بھرپور انداز میں دنبا بھرمیں آواز اٹھائی جائے گی۔ ایک ہفتہ قبل سید علی گیلانی کی شہادت ہوئی اور اس سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا کیونکہ اُن کی تدفین شہداء کے قبرستان میں نہیں کرنے دی گئی اور اُن کے گھر والوں کو بھی اس سے بے خبر رکھا گیا۔ ہم آزادکشمیر میں بلا امتیاز احتساب کرائیں گے اور اسی طرح جلد ازجلد آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کرائیں تاکہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو سکیں۔ اوورسیز کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے انہیں ووٹ کا حق دلوانے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔
٭٭٭٭٭

By ajazmir