Tue. Oct 19th, 2021
233 Views
آزادی کی قیمت
تحریر: فرخندہ ظفر
آزادی کا بنیادی مطلب یہ ہے کہ قوم کے افراد اپنے افکار،نظریات اور فلسفے کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں۔قوموں کے افکار اور نظریات صدیوں کے سفر کے بعد متعین ہوتے ہیں۔یہی افکار ان کے تہذیبی ورثے کی بھی آئینہ داری کرتے ہیں۔آزادی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ افراد اپنے اس تہذیبی ورثے کی نہ صرف حفاظت کریں بلکہ اس کے ارتقاء میں معاون ہوں اور ان مزاہم قوتوں کا بھی قلع قمع کریں جو اس ورثے کوتباہ کرنے پر آمادہ ہوں۔آزادی بالعموم تاریخی،سماجی،معاشی اور تہذیبی عوامل کے تحفظ اور بقا کا نام ہے۔  آزادی دنیا کی وہ حسین نعمت ہے جسکا نعم البدل نہیں ۔آزادی کی قیمت ان خاندانوں  سے پوچھی جائے  جہنوں نے 1857سے 1947 تک اپناتن من دھن،عورتیں ،بچے بوڑھے اور جوان سب کچھ قربان کر دیا۔اسلامی ریاست یعنی پاکستان کے حصول کے لئے برصغیر کے مسلمانوں کی ہڈیاں اینٹوں کی جگہ ،گوشت گارے کی جگہ اور خون پانی کی جگہ استعمال ہوا تب جا کر آزادی جیسی نعمت نصیب ہوئی۔ آزادی کی قیمت کشمیریوں  سے پوچھی جائے جہنوں نے ہر قسم کے مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود آزادی و حریت کا پرچم نہ صرف سر بلند رکھا ہوا ہے بلکہ ان کی جدو جہد ہر دن گزرنے کے ساتھ ولولہ انگیز نظر آ رہی ہے۔دوسری جانب بھارتی  فورسز کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم ناقابل بیان ہیں۔ کشمیری اس وقت دنیا کے سب سے بڑی جیل میں مقید ہیں۔کشمیریوں کا قتل عام،خواتین کی آبرو ریزی اور املاک کو نقصان پہنچاناغرض بھارتی  فوج کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کررہی ہے۔آزادی کی قدر وہ ہی جانتا ہے جس نے جدوجہد میں حصہ لیا ہو یا پھر جس نے غلامی کی سی زندگی گزاری ہو۔قید چاہے سونے کے پنجرے میں ہو آزادی کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔آزادی کتنی بڑی نعمت ہے اور اسکی کیا اہمیت ہے برصغیر کے خطے میں کشمیریوں,مشرق وسطیٰ میں فلسطینیوں اور میانمار کے روہنگیا مسلمانوں  سے بہتر کون جان سکتا یے جو اس نعمت سے محروم ہیں۔آزادی خیرات میں یا پلیٹ میں رکھ کر کوئی نہیں دیتا بلکے اس کے لئے قیمت ادا کرنا پڑتی ہے ۔آزادی قربانیاں مانگتی ہےاس کیلئے لڑنا اور مرنا پڑتا ہے۔کشمیریوں کی آرزوں اور امنگوں کا واحد مرکز پاکستان  ہے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسکے بغیر پاکستان جغرافیائی اور نظریاتی طور پر نا مکمل ہے۔آج پاکستان کا پچھترواں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ۔آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے،پاکستان کی ترقی، بقاء ، خوشحالی اور مضبوطی کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔  مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کا مقدمہ احسن طریقے سے لڑ سکے گا۔اللہ سبحانہ و تعالیٰ پاکستان  کو تا قیامت سلامت رکھے۔آمین

By ajazmir