Thu. Mar 28th, 2024
503 Views

مظفرآباد( پی آئی ڈی)14اپریل2021
وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ محکمہ جات کے ملازمین کے دیرینہ مطالبات اور ان کے مسائل کے حل کےلئے کابینہ نے 1ارب80کروڑ روپے کے پیکج کی مالیاتی و انتظامی منظوری دیدی ہے ۔ 15ہزار پرائمری ٹیچرز،8400جونئیر ٹیچرز اور ساڑھے5ہزار سینئر ٹیچرز کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی گئی ہے ۔کابینہ نے ہیلتھ اور نرسنز ٹریننگ الاﺅنس، سپیشل ہیلتھ الاﺅنس ، پیرامیڈیکس کے سروس اسٹرکچر،ہیلتھ فاﺅنڈیشن کے قیام سمیت صحت عامہ کے ملازمین کے جملہ مطالبات کی منظوری بھی دیدی ہے۔ کابینہ نے پولیس ایڈمنسٹریشن الاﺅنس، سیکرٹریٹ الاﺅنس ، ٹیکنیکل ملازمین کی اپ گریڈیشن سمیت مختلف محکمہ جات کے ملازمین کے دیرینہ مطالبات کی بمطابق سفارشات منظوری دیدی ہے ۔ آزادکشمیر کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا پیکج ہے جو ہمارے معاشی طور پر مستحکم ہونے کی عکاس ہے ۔ جب آزادکشمیر میںمسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوئی تھی تو میں نے اپنا پہلا دورہ لاہور ذکوة منافع فنڈسے ادھار لیکر کیا تھالیکن آج اللہ کے فضل وکرم سے ہم مالیاتی طور پر خودکفیل ہیں ۔ ہماری حکومت پر بے بنیاد اعتراض کرنے والے سامنے آکر بات کریں ‘انہیں دلیل کے ساتھ جواب دیں گے ۔ جو لوگ یہ کہتے ہیں ہم نے اداروں کو تباہ کیا وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے ادارہ بنایا ہی کونسا تھا؟آئینی طور پر آخری دن تک وزیراعظم ہوںاور وزیراعظم کے اختیارات مدت ختم ہونے تک میرے پاس ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز آزادجموں وکشمیرکابینہ اجلاس کے بعدوزراءحکومت چوہدری طارق فاروق، ڈاکٹر نجیب نقی، چوہدری محمدعزیز، بیرسٹر افتخار گیلانی، سردارفاروق احمدطاہر اور ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ہماری جماعت اور حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہےکہ ہم نے ریاست میں میرٹ بحال کیا ، آزادکشمیر حکومت کومالیاتی اور انتظامی طور پر خودکفیل بنایا۔ انہوں نے کہاکہ مختلف محکمہ جات کے ملازمین کے ا پ گریڈیشن اور تنخواہوں کے معاملات کے حل کےلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جس نے ذیلی محکمہ جات سے سفارشات لیکر کابینہ میں پیش کیں۔ جن کی روشنی میں آج ہم نے اس تاریخی پیکج کا اعلان کیاتاکہ ملازمین ذہنی طور پر مطمئن ہو کر ریاست کی خدمت کر سکیں ۔ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی میںمعاملات زیر کار ہیں اور کمیٹی سفارشات کے بعد ان پر مزید فیصلہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹرافتخار گیلانی نے کہا کہ پرائمری اساتذہ کو بی 7اور جونئیر کو بی 9سے اپ گریڈ کر کے بی11دیتے ہوئے انہیں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ٹیچر کا نام دیدیا گیا ہے جبکہ سینئر ٹیچرز بی16کو ایک اضافی انکریمنٹ دینے کی منظوری دید ی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پہلے سے نافذ کردہ ٹائم سکیل فارمولہ اسی طرح موجود رہے گا۔ اس اپ گریڈیشن سے 28ہزار900ٹیچرز مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے اقتدار میں آتے ہیں اساتذہ کی بھرتیوں کےلئے این ٹی ایس کا نفاذ کیا اور میٹرک پی ٹی سی ، سی ٹی کے تعلیمی معیار کو بی اے اور بی ایڈ میںمبدل کیا۔ اس طرح پرائمری اور جونئیر اساتذہ کی تعلیمی قابلیت مساوی ہونے کی بنا پر انہیں مساوی سکیل دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ 1983کے بعد سے سکیل اپ گریڈیشن کا یہ سب سے بڑا پیکج ہے جو ہماری حکومت کا ایک کارنامہ ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اساتذہ بھی اپنا فرض ادا کریں گے اور اپنی ذمہ داریاں پوری طرح نبھائیں گے ۔
وزیر خزانہ و صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا کہ کابینہ نے جولائی2015سے گریڈ 1سے 20تک کے ہیلتھ الاﺅنس میں اضافے ، نرسز کے ڈریس الاﺅنس میں اضافے ، ٹریننگ الاﺅنس کو 15ہزار سے بڑھا کر 20ہزار کرنے ، ڈاکٹرز کے نان پرکٹسنگ الاﺅنس میں اضافے ،پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ الاﺅنس میں اضافے ، ہاﺅس آفیسرز کے اعزازیہ میں اضافے ،پیرامیڈیکس کے سروس اسٹرکچر کی منظوری، میڈیکل اسسٹنٹ کو پیرامیڈیکس میں مبدل کرنے، نرسز کے مختلف کیڈرز کو اپ گریڈ کرنے ، لیڈی ہیلتھ کو سول سرونٹ بنانے ، ہیلتھ فاﺅنڈیشن اور کالج آف نرسنگ کے قیام کی منظوری دیدی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی الاﺅنس کے حوالہ سے سیکرٹریٹ الاونس اور سپیشل الاﺅنس کا جائزہ لیتے ہوئے تما م ملازمین کو دیے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کابینہ نے کلرکس فاﺅنڈیشن کے قیام ، ایجوکیشن کے منسٹریل سٹاف کی ترقیابی کے قواعد کے منظوری، سیکرٹریٹ الاﺅنس کی ملازمین کو بلا تخصیص فراہمی اور پولیس ایڈمنسٹریشن الاﺅنس دیے جانے کے علاوہ ٹیکنیکل ملازمین ،ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو بی14دیتے ہوئے سٹینوگرافر میں مبدل کیے جانے اور محکمہ برقیات کے سب انجینئرز،ڈرافٹمین،ہیڈ ڈرافٹمنین اور ٹریسر کی آسامیوں کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دیدی ہے ۔
وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریاستی ملازمین کے مطالبات اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے پورے کیے ۔ محکمہ تعمیرات کے عامہ کے دس سال سے زائد سروس کے حامل 504قلیوں کو مستقل کر دیا گیاہے ۔ کابینہ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ انجینئرز کو ٹیکنیکل الاﺅنس دینے اور سب انجینئرز سمیت ٹیکنیکل ملازمین جس محکمہ میں بھی کام کررہے ہیں کا سکیل اپ گریڈ کیے جانے کی منظوری دیدی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کی جانب سے ریاست کا بجٹ دوگنا کرنے کے بعد آزادکشمیر بھر کی سڑکوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے ۔ شفاف ٹینڈرنگ کی وجہ سے 3 ار ب سے زائد کی بچت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 1ارب80 کروڑ روپے سے زائد کے اس سکیل اپ گریڈیشن پیکج دینے پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان اور ریاستی بیورو کریسی مبارکباد کی مستحق ہے ۔ ہماری حکومت اور جماعت نے ساڑھے چار سال کے دوران تاریخی تعمیر وترقی کروائی ، لوگوں کے مسائل حل کیے اور سماجی انصاف کی فراہمی یقینی بنائی ۔

By ajazmir