Fri. Mar 29th, 2024
587 Views

مظفرآباد(پی آئی ڈی)13جنوری 2021
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2021کے لئے انتخابی فہرست ہاء کی تیاری و اپ ڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر ممبر آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری الیکشن کمیشن ایاز بشیر، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال بھی موجودتھے۔ انتخابی فہرستوں کی تیاری و اپڈیشن کے شیڈول کا اعلان چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے بدھ کے روز پی آئی ڈی کے میڈیا ہال میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیڈول کے مطابق مورخہ 20جنوری 2021تا 9فروری 2021تک رجسٹریشن افسران بذریعہ شمار کنندگان NADRAکی جانب سے موصولہ مسودہ انتخابی فہرستہا کی گھر گھر Visit کی بنیاد پر Verification، اندراج، اخراج کام کام مکمل کرواتے ہوئے اس کا سافٹ ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم کریں گے۔ 10فروری 2021تا 22فروری 2021تک NADRAمسودہ انتخابی فہرست کی Verification، اندراج، اخراج کے مطابق درستی کر کے مسودہ ابتدائی انتخابی فہرستہا الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا۔ رجسٹریشن افسران 23فروری 2021کو ابتدائی مسودہ انتخابی فہرستہا شائع کرتے ہوئے عوام الناس سے اعتراضات /کلیمز طلب کرنے کے لیے نوٹس جاری کریں گے۔ 24فروری 2021تا 10مارچ 2021تک عوام کی طرف سے ریوائزنگ اتھارٹیز کے پاس ابتدائی مسودہ انتخابی فہرستہا پر کلیمز/اعتراضات دائرکیئے جاسکیں گے۔ ریوائزنگ اتھارٹیز 11مارچ 2021سے 17مارچ 2021تک کلیمز/اعتراضات کی سماعت اور فیصلہ جات کریں گے۔ 18مارچ 2021تا 19مارچ 2021تک ریوائزنگ اتھارٹیز فیصلہ جات متعلقہ رجسٹریشن افسر کو ارسال کریں گے۔ مورخہ 20مارچ 2021تا 22مارچ 2021رجسٹریشن افسران، ریوائزنگ اتھارٹیز کے فیصلہ کے مطابق مسودہ انتخابی فہرستہا میں درستی کریں گے اور اس کا Soft Dataالیکشن کمیشن کو فراہم کریں گے۔ یکم اپریل 2021کو حتمی انتخابی فہرستہا کی اشاعت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کے فیصلہ کے مطابق انتخابی فہرستہا کی تیاری کا عمل الیکشن کمیشن کی عمومی نگرانی میں مکمل ہو گا جبکہ ڈویژنل کمشنر صاحبان اپنی اپنی سطح پر یہ سارا کام ڈپٹی کمشنر صاحبان، رجسٹریشن افسران اور ان کے عمل سے الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق مکمل کروائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2021کے لیے آزادکشمیر کی جغرافیائی حدود میں واقع آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے 33مقامی انتخابی حلقہ جات کے لیے الیکشن 2016کی انتخابی فہرستہا کو NADRAکے ڈیٹا بیس کی مدد سے Updateکرواتے ہوئے مسودہ انتخابی فہرستہا تیار کروایا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے ہر ضلع کی تحصیل میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر کو بطور رجسٹریشن افسر جبکہ تحصیلدار /نائب تحصیلدار کو بطور اسسٹنٹ رجسٹریشن افسر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہا کہ ووٹ کا اندراج صرف اور صر ف مستقل پتہ کی بنیاد پر درج ہوگا۔ سارے آزاد کشمیر میں ایک شناختی کارڈ پر ایک ہی جگہ ووٹ کااندراج ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کام نادرا کی مدد سے مکمل کیاجارہا ہے۔
٭٭٭٭٭٭

By ajazmir