Fri. Apr 19th, 2024
312 Views

مظفرآباد( پی آئی ڈی)25اکتوبر2020
وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاہے کہ موجودہ تیز رفتاری سے ترقی میڈیاکے دور میں الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی اہمیت دیگر تمام ذرائع ابلاغ سے بڑھ کر ہے۔ الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی جارحیت کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے اہم معاملات اور یہاںہونی والی تعمیر وترقی کو اجاگر کر کے ہندوستانی پروپیگنڈے کے توڑ کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ صحافیوں کی تربیت اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کےلئے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کریگی ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوںنے آزادکشمیر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران اور سینئر صحافیوں سے اپنی رہائش گاہ پرملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر آصف رضا میر ، امتیاز اعوان ، عارف عرفی ، وحید کیانی، روشن مغل ،سردار رضا،بشارت مغل ، فائز ہ گیلانی،راجہ عدیل سفیر رضا،سرفراز میر، ندیم شاہ،ایم ڈی مغل شامل تھے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آزادکشمیر کے صحافی حضرات نے انتہائی مشکل اور نامساعد حالات میں اپنی ذمہ داری سرانجام دیں۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آزادکشمیر میں اس وقت میڈیا کے قومی اور بین الاقوامی اداروں سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد موجود ہے جو یہاں کے معاملات بین الاقوامی دنیا تک پہنچاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا ہندوستانی پروپیگنڈے کے توڑ کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے حضرات انتہائی پروفیشنل ہوتے ہیں، صحافی حضرات جائزہ لیں چار سال پہلے اور آج کے آزادکشمیر میں واضح فرق نظرآئے گا۔ امید ہے کہ اللہ رب العزت مستقبل میں بھی موقع دے گا ،جو کوئی کسر رہ گئی ہے اس کو پورا کرینگے ۔
٭٭٭٭

By ajazmir