155 Views

مظفرآباد( )آزادکشمیر میں بین الاقوامی اور قومی اداروں کے ساتھ منسلک ٹی وی چینلز کی نمائندہ تنظیم ”ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزادکشمیر“کے مرکزی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا،الیکٹرنک میڈیا کی تمام تنظیموں نے متفقہ طور پر آصف رضا میر کو صدرجبکہ نعیم احمد عباسی کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا،

دوسال کی مدت کیلئے منتخب ہونے والی مرکزی تنظیم کی سرپرستی کیلئے سینئر صحافیوں پر مشتمل سات رکنی ایڈوائزی بورڈ (مجلس عاملہ)قائم کر دیا گیا تنظیم کے نومنتخب عہدیداران میں امیر الدین مغل سینئر نائب صدر،سردار رضا خان نائب صدراول،راجہ عدیل احمد خان نائب صدر دوئم،سید تقی الحسن ایڈیشنل سیکرٹری جنرل،نصیر چوہدری سیکرٹری مالیات،فائزہ گیلانی جوائنٹ سیکرٹری،سفیر احمد رضا سیکرٹری اطلاعات جبکہ ندیم شاہ پروگرام کوآرڈنیٹر ہوں گے۔ایڈوائزری بورڈ میں سینئر صحافی امتیاز احمد اعوان،محمد عارف عرفی،اسلم میر،سجاد قیوم میر،روشن مغل،بشارت مغل،سردار ذوالفقار علی اور عبدالوحید کیانی شامل ہیں،نومنتخب عہدیداران کے ناموں کا باضابطہ اعلان مرکزی ایوان صحافت میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا،پریس کانفرنس میں سینئر صحافی امتیاز احمد اعوان،محمد عارف عرفی اور بشارت مغل نے تنظیم کے اغراض ومقاصد اور دیگر اُمور سے متعلق تفصیلی طورپر آگاہ کیا،اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ اس تنظیم میں ریاست بھر کو نمائندگی دینے سمیت الیکٹرنک میڈیاسے منسلک ریاست جموں وکشمیر کی تمام اکائیوں سے تعلق رکھنے والے الیکٹرنک میڈیا کے صحافیوں کو بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر آصف رضا میر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست بھر کے صحافیوں کے عزت وقار،استعداد کار میں اضافے،بنیادی مسائل کے حل سمیت تنظیم کو روایتی سیاست سے الگ رکھ کر اجتماعی جدوجہد کریں گے۔عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید رحجانات سے نئی نسل کو روشناس کروانے سمیت بنیادی اقدار کے فروغ کیلئے جامع اور منظم منصوبہ بندی کے تحت اقداما ت عمل میں لائے جائیں گے،اُن کا کہنا تھا کہ خونی لکیر کی دوسری جانب بھارتی استبداد کا شکار مظلوم کشمیر ی بھائیوں کی آواز کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پہنچانے کیلئے ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزادکشمیرماضی کی طرح مستقبل قریب میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریگی،آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی اشتعال فائرنگ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کو مہذب دنیا کے سامنے لانے اور خونی لکیر پر بسنے والے کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ قدرتی وسائل کو اجاگر کرنے اور عوام کو درپیش مشکلات اور مظلوم عوام کی آواز کو اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کیلئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کریں گے۔تنظیم ریاست کے اندر تحقیق پر مبنی صحافت کے فروغ اور مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں کردار ادا کرے گی۔

Avatar

By ajazmir