110 Views

مظفرآباد( پی آئی ڈی)
آزادکشمیر کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباءکے دوران انتظامیہ ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی لیڈر شپ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ تمام محکمہ جات کی کوآرڈینیشن کی وجہ سے ہم کرونا وائر س کے پھیلاﺅ کو روکنے میں کامیاب ہوئے ۔اس وباءکے دوران کام کرنے والے آفیسران کی استعداد کار میں اضافہ ہوا اورآفیسران نے ایک نئے انداز میں کام کرناسیکھا جس سے ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدرخان نے اس سارے عرصہ کے دوران بہترین لیڈر شپ کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم سب کی وقتاً فوقتاً رہنمائی کرتے رہے جس کی وجہ سے ہم اس وباءسے نمٹنے میں کامیاب ہوئے ۔ علماءکرام اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس مشکل وقت حکومتی مشینری کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ جن آفیسران نے اس دوران اپنی کارکردگی دکھائی ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام کرونا وائرس کی وباءکے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے آفیسران میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساءنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرانتظامیہ و پولیس اورمحکمہ اطلاعات کے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کہاکہ ہمارے افسران کی محنت ،لگن اور بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہم کرونا وائر س کے پہلے فیز سے بھرپور طریقے سے نمٹنے میں کامیاب ہوئے لیکن ابھی بھی اس وباءکے دوسرے فیز کا خطرہ موجود ہے اس لیے احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا ہے ۔ یہ انتظامیہ اور پولیس اور دیگر محکمہ جات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حوالہ سے آگاہی فراہم کریں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ میں اس موقع پر طبی عملے بالخصوص لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی وجہ سے ہم اس وباءپر قابو پانے میں کامیاب رہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن تہذیب النساءنے کہاکہ کرونا وائرس ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس کا ہم سب نے اکھٹا ہو کر مقابلہ کیا اور کامیاب رہے۔ مظفرآباد ڈویژن کرونا و باءسے سب سے زیادہ متاثرہوا لیکن تمام محکمہ جات نے بہترین انداز میں کام کیا اور اس وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے میں کامیاب رہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں اس طرح کی تقاریب منعقد کر کے فیلڈ سٹاف اور دیگر عملہ کے کام پر ان کی حوصلہ افزائی کریں

Avatar

By ajazmir