Fri. Mar 29th, 2024
1,224 Views

مظفرآباد ( )آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کا کنگ عبداللہ کیمپس نا صرف علم و دانش اور اعلیٰ معیاری تعلیم کا مرکز بنے گا بلکہ یہ مظفرآباد اور ملحقہ اضلاع کے عوام کے لیے ا قتصادی اور سماجی ترقی کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔


سعود ی عرب اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے تعمیر ہونے والے اس جدید ترین کیمپس کی تکمیل میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی اور جامعہ کی انتظامیہ نے جو محنت کی ہے اُس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعرات کے روز مظفرآباد کے قریب چھتر کلاس کے مقام پر نو تعمیر شدہ کنگ عبداللہ کیمپس کے دورہ کے موقع پر ایک بریفنگ کے بعد جامعہ کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کو ریاست کے سرکاری شعبے میں قائم تمام جامعات اور تعلیمی اداروں کی ماں قرار دیتے ہوئے صدر ریاست نے کہا کہ اس دانش گاہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات نہ صرف آزاد کشمیر اور پاکستان میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خدمات سر انجام دے رہے ہیں بلکہ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے کئی طلباء دنیا کے مختلف ممالک کے اعلیٰ تعلیم اداروں میں اپنی صلاحیتوں جوہر دیکھا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اُنہیں یہ جان کر نہایت مسرت ہوئی کہ جامعہ کشمیر اور دوسری جامعات جدید دور کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مصنوعی ذہانت انٹرنیٹ آف تھینگز، بیگ ڈیٹا اور نینو ٹیکنالوجی جیسے پروگرام شروع کر رہی ہیں جن کی بدولت اس خطے کے نوجوانوں کو نہ صرف عالمی معیار کی تعلیم ملے گی بلکہ ترقی کی دوڑ میں وہ دوسرے ممالک کے نوجوانوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے قابل بھی ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ جدید اور معیاری تعلیم کے نتیجے میں آزاد کشمیر نہ صرف خود انحصاری پر گامزن ہو گا بلکہ پورے پاکستان کی اقصادی ترقی کا انجن بننے کی صلاحیت بھی حاصل کر ے گا۔ اُنہوں نے یونیورسٹی کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے دیجیٹل انقلاب برپا کرنے کے لیے منصوبہ بندی کریں اور مظفرآباد کی جہلم ویلی کو سلیکو ن ویلی بنانے کی منصوبہ بندی کریں تاکہ کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اپنے علم و ہنر کو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کر سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی کو حکومت اور ایوان صدر کی پوری تائید اور حمایت حاصل ہے اور اُن سے بجا طور پر توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اس جامعہ کو علم و آگاہی کا گہوارہ اور اس کے طلباء کو ملک کا قیمتی انسانی سرمایہ میں تبدیل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جامعہ کشمیر کنگ عبداللہ کیمپس کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی، انٹرنیٹ کی سہولت اور دیگر تعلیمی ضروریات کی فوری فراہمی کے لیے تمام اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ قبل ازیں صدر آزاد کشمیر جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں جب جامعہ کے کنگ عبداللہ کیمپس کے دورے پر چھتر کلاس پہنچے تو کیمپس میں جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید، ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ، ڈائریکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر صدیق اعوان، سربراہان شعبہ جات، فیکلٹی ممبران، اور یونیورسٹی آفیسران نے اُن کا استقبال کیا۔ صدر ریاست نے یونیورسٹی کے نو تعمیر شدہ لائبریری، شعبہ کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، شعبہ باٹنی اور آڈیٹیوریم کا تفصیلی دورہ کیا جہاں اُنہیں شعبہ کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر رابعہ، شعبہ باٹنی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے اپنے متعلقہ شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر ڈاکٹر انصر یاسین نے صدر ریاست کو کیمپس کے بارے میں مجموعی تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی نے صدر آزاد کشمیر کا کیمپس کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی رہنمائی میں جامعہ نے گزشتہ تین چار سال میں ترقی کی کئی منازل حاصل کیں اور توقع کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی صدر ریاست اور چانسلر کی رہنمائی میں تعلیمی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔
_____________

By ajazmir