260 Views

سید علی گیلانی کوپاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز نشان پاکستان دیا گیا

اسلام آباد(ساوتھ ایشین وائر )
پاکستان کے 73یوم آزاد کے موقع پر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشانِ پاکستان کا اعزاز دیا گیا۔ یہ اعزاز پاکستان کے صدر عارف علوی نے ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب میں عطا کیا۔ یہ اعزاز اسلام آباد میں حریت رہنماوں نے وصول کیا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اسی ماہ وزیراعظم عمران خان نے 14 اگست کو بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشانِ پاکستان دینے کا اعلان کیا تھا۔
29 ستمبر 1929 کو پیدا ہونے والے 88 سالہ سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر پر 72 سال سے جاری بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کی توانا آواز ہیں۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اوریئنٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے گریجویٹ بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کا آغاز جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقد کی گئی جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرچم کشائی کی۔
تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شریک ہوئے۔
پاکستان کا یہ سب سے بڑا اعزاز9 نومبر 1959کو ایرانی بادشاہ محمد رضا شاہ پہلوی کو دیا گیا تھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Avatar

By ajazmir