185 Views

مظفرآباد( پی آئی ڈی)7اگست2020ئ
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر ، قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔گزشتہ برس 5اگست کا بھارتی اقدام بہت بڑا سانحہ ہے ۔ مودی نے آرٹیکل35اے کا خاتمہ کر کے دنیا کو چیلنج دیا ۔ خطے میں امن تب قائم ہوگا جب کشمیریوں کو حق ملے گا۔ جس طرح پاکستا ن ایٹمی طاقت بنا اسی طرح کشمیر بھی پاکستان بنے گا۔ قربانی کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہو سکتا۔ دنیا میں مودی سرکار کو بے نقاب کرنے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ مقبوضہ کشمیر کو نقشے میں شامل کرنے کے بعد قوت ایمانی کے ساتھ عملی مظاہرے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کی ایٹمی طاقت خطے میں امن کی گارنٹی ہے۔کشمیریوں پر گزشتہ سات دھائیوں کے دوران بھارت نے بدترین مظالم ڈھائے گئے۔ گزشتہ دنوں چھ سال کے بچے کے سامنے اس کے نانے کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیااور برہان وانی جیسے ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ مہاجرین ہمارے جسم کا حصہ ہیں ۔ حریت کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ قیادت ہے ۔ کشمیری شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جمعہ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ بھٹو نے ایٹمی پاکستان کی بنیاد رکھ کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا آغاز کیا اور محمد نواز شریف نے بیرونی دباﺅ ، دھمکیوں اور بیش قیمت پیشکش کو قبول کرنے کے بجائے پاکستان کے وسیع تر مفاد میںایٹمی دھما کے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ ایٹمی قوت بنانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف ، تمام اداروں اور افواج پاکستان کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی جانب سے آرٹیکل35اے کا خاتمہ صرف پاکستان نہیں بلکہ عالم اسلام اور پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے کہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں میں جو کمٹمنٹ کی گئی تھی اس کے خلاف مودی نے کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضہ کو مکمل کرنے کےلئے آرٹیکل35اے کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشکول کو توڑنا ہوگا ۔ پاکستان عالم اسلام کا ستارہ ہے ۔پاکستان میں ہر شے موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیوں پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ حریت رہنماﺅںعلی گیلانی، یاسین ملک، میر واعظ عمر فاروق اور آسیہ اندرابی سمیت تمام حریت پسندوں کو سلام پیش کرتا ہوںجو بھارتی مظالم کا جرات سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ سب کو مل کر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کےلئے کردار ادا کرنا ہوگا اور مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
مظفرآباد( پی آئی ڈی)7اگست2020
صدر پاکستان مسلم لیگ ن و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطا ب سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے عہدیداران سے سابق وزیر اعظم پاکستان وپیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف اور جمعیت علماءاسلام ( ف) کے رہنما مولانا اسدالرحمان کے ہمراہ ملاقات کی اور ان سے مقبوضہ کشمیر میں5اگست کے اقدامات کے بعد تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد شہباز شریف نے پاکستان کی عوام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر صدرریاست سردار مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان ، سپیکر شاہ غلام قادر،سینئر وزیر چوہدری طارق فارق، وزیر اطلاعات ، سیاحت و سپورٹس راجہ مشتاق احمد منہاس، وزیر شہری دفاع احمد رضا قادری ودیگر بھی موجود تھے ۔

Avatar

By ajazmir