230 Views

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کے شمالی شہر ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی زمین پر متنازع رام مندر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔ بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کو مندر کا سنگِ بنیاد رکھنے سے قبل خصوصی پوجا بھی کی۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ آج کے اس خاص موقع پر دنیا بھر میں رام کے ماننے والے مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایودھیا میں ایک سنہری باب لکھنے جا رہا ہے اور کئی صدیوں کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ مودی کا خطاب بھارت کے بیشتر ٹی وی چینلز نے براہِ راست نشر کیا۔ اپنے خطاب میں بھارت کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ مندر ہماری روایات کی نئی علامت ہو گا اور اس کی تعمیر سے ہماری عقیدت اور قومی جذبات کی بھی عکاسی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مندر اس بات کی بھی علامت ہو گا کہ کروڑوں لوگوں کی مشترکہ کوششیں کتنی طاقت ور ہوتی ہیں۔ مندر کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر ایودھیا شہر کی کئی اہم سڑکوں کو رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا تھا جب کہ شہر میں بیشتر دکانیں اور کاروبار بھی بند رہا۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ایودھیا شہر میں پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ نیم فوجی دستوں کے تین ہزار اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔

Avatar

By ajazmir