Fri. Apr 19th, 2024
546 Views

اسلام آباد ( پی آئی ڈی)17جولائی2020
وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ جنگلات زمین کا زیور ہیں، جنگلات کی بقا ءمیں انسانی زندگی کی بقا ءہے۔شجرکاری کے ساتھ جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے حکومت آزاد کشمیر نے عملی اقدمات اٹھائے۔ آزادکشمیر میں جنگلات کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف محکمہ سخت ترین ایکشن کرے ۔ لکڑی چوری اور کاٹنے والا جتنا بااثر ہو بلا تفریق کارروائی کی جائے ۔ لوگوں نے بدلتے حالات کے مطابق سمگلنگ اور کٹائی کے نئے طریقے اختیار کر لیے ہیں۔ محکمہ جنگلات کسی کے ساتھ کوئی رعائت نہ برتے ، یہ آنے والی نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے ۔ جنگلات کے وزیر اور سیکرٹری نے جانفشانی کے ساتھ کام کیا جس کے نتائج نظرآرہے ہیں ۔ حکومت آزادکشمیر کے گزشتہ چار برس کے دوران کی جانے والی شجرکاری کے نتائج بہترین ہیں۔ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے حوالے سے حکومت آزادکشمیر کا منصوبہ پاکستان بھر میں مثال ہے ۔ اس سال 62ملین پودہ جات کی افزائش کا ہدف تھا اس کو نہ صرف پورا کرنے بلکہ ہدف سے زیادہ کام کرنے پر سردار میر اکبر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ موسم بہاد میں محکمہ جنگلات نے27ہزار ایکڑ رقبے پر شجرکاری کی جبکہ مون سون کے دوران12ہزار ایکڑ رقبے پر شجرکاری کی جائے گی۔ آزادکشمیر میں ٹین بلین سونامی ٹری پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے ۔ وزیر اعظم پلانٹس آف پاکستان کے زیر اہتمام مون سون شجرکاری مہم کا جموں وکشمیر ہاﺅس میں افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالدکیانی اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے پودا لگا کر اپنے دست مبارک سے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا ۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ آزاد خطہ کو سرسبر و شاداب بنانے کےلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھار ہی ہے ۔ خطہ کشمیر سرسبز ہونے میں اپنی مثال آپ ہے ۔ بالائی علاقہ ہونے کی وجہ سے کشمیر قدرتی طور پر پاکستان کے زیریں علاقوں کےلئے واٹر شیڈ کا کام کرتا ہے اور مظفرآباداور پونچھ کا 88فیصدCatchmentایریا پاکستان کے زیریں علاقوں کےلئے واٹر بینک کا کام کرتا ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی حفاظت یقینی بنانے سے ہم آنے والی نسلوں کو نہ صرف محفوظ بنا سکتے ہیں بلکہ موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے رونما ہونے والے حالات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ آزادکشمیر میں جنگلات کی کامیابی اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کا براہ راست تعلق پاکستان کے زیریں علاقوں میں زراعت کی پیداوار اور پانی کے نظام سے بھی ہے ۔ پاکستان کے زیریں علاقوں میں مطلوبہ پانی کی دستیابی کے لیے ضروری ہے کہ آزادکشمیر کی سرسبزی اور شادابی قائم رہے اورحکومت آازدکشمیر نے گزشتہ چار سالوں میںا س حوالے عملی اقدامات اٹھائے بالخصوص گزشتہ سال کی جانے والی شجرکاری کا تناسب نوے فیصد سے زائد ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے شجرکاری کی حفاظت کی جائے ۔ عوا م الناس سے اپیل ہے کہ محکمہ کے ذمہ داران کے ساتھ ملکر شجرکاری اور شجرپروری کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر میں بدقسمتی سے جنگلات کی کٹائی کا رحجان موجود ہے جوکہ انتہائی خطرناک ہے ۔ محکمہ جنگلات اور آزادکشمیر کی جملہ انتظامیہ کو حکم دیتا ہوں کے جہاں بھی جنگلات کی کٹائی یا اس حوالے سے کوئی خلاف ورزی ہو تو کسی قسم کی کوئی رعائت نہ برتی جائے ۔ خواہ کتنا با اثرکیوں نہ ہو، ریاست آپ کے پیچھے کھڑی ہوگی۔ کسی کو سرکاری وسائل کو لوٹنے اجازت نہیں ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ محکمہ جنگلات نے شاندار کام کیا ہے مگر بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے ۔ محکمہ کے ملازمین اپنے فرائض ذمہ داری اور جانفشانی سے ادا کریں ۔ سب ملکر آزادکشمیر کو سرسبز و شاداب اور دیگر علاقوں کےلئے مثالی خطہ بنائیں گے ۔ آج آزاد کشمیر نہ صرف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں پہلے نمبر پر ہے بلکہ انشاءاللہ دیگر شعبہ جات کے حوالے سے بھی پہلے نمبر پر رہے گا۔ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام از خود بھی جنگلات کے تحفظ کےلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ہمارا قومی اثاثہ ہے اور سب اس سے بلا تخصیص مستفید ہوتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭

By ajazmir