Sat. Apr 20th, 2024
1,566 Views

مظفرآباد(پی آئی ڈی)05جولائی2020
کمشنر مظفرآباد ڈویثرن محترمہ تہذیب النِسا نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جو میرے نام کے ساتھ منسوب آڈیو وائرل کی جا رہی ہیں اس میں ایڈیٹنگ کی گئی ہے۔ مختلف آڈیو کلپس کو جوڑ کر فیک آڈیو تیار کی گئی ہے۔ اس گھناؤنی حرکت کے پیچھے جو عناصر اور جو مقاصد کار فرما ہیں عوام ان سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اس حرکت کی بھرپور مذمت کرتی ہوں اور جس آئی ڈی سے یہ کلپ چلائے گئے ہیں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی کارروائی کر دی گئی ہے۔ جبکہ ان کلپس کا فرانزک بھی کرایا جا رہا ہے تاکہ حقیقت سامنے لائی جاسکے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کا شمار میرے خاندان کے بزرگوں میں ہوتا ہے اور میں ان کا بے حد احترام کرتی ہوں۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک آڈیو کلپ کے حوالہ سے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ منسوب کیا گیا آڈیو کلپ فیک ہے اور اس کو سماعت کرنے سے واضح ہوتا ہے کہ اس میں ایڈیٹنگ کی گئی ہے اور مختلف کلپس جوڑ کر ایک منظم سازش کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ماہرین آئی ٹی کی بھی یہی رائے ہے کہ اس میں ایڈیٹنگ کی گئی ہے تاہم اس کا فرانزک بھی کروایا جائیگا تاکہ اصل حقائق کو سامنے لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے مختلف فیصلوں اور الیکٹرانک ٹرانزیشن ایکٹ کے تحت بھی اس فیک آڈیو کلپ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی فیک کلپس وائرل کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
٭٭٭٭٭

By ajazmir