سپیکر قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیرشاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہونے والےاجلاس میں کریمنل لاء (تیسری ترمیم) ایکٹ 2020اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا

114 Views

مظفرآباد (پی آئی ڈی) یکم جولائی 2020
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔اجلاس میں مسودات قانون The Timber Trade (Nationalization (Repeal) Act 2020،اور کریمنل لاء (تیسری ترمیم) ایکٹ 2020اتفاق رائے سے منظور کر لیے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا کہ محکمہ اکلاس چونکہ اب ختم ہو چکا ہے لہذا اس سے متعلقہ جملہ امور اب محکمہ جنگلات کو تفویض کرنے کے لیے یہ ترمیمی ایکٹ لایا گیا ہے۔ جنگل سے متعلقہ تمام تر اختیارات اب محکمہ جنگلات کے پاس ہونگے۔ کریمنل ترمیمی ایکٹ کے حوالہ سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی ہمارے معاشرے میں عام ہو چکی ہے جس کے تدارک کے لیے یہ قانون لایا گیا ہے۔ پہلے سے موجود قانون میں سزا کم ہونے کی وجہ سے لوگ ایسے کیسز رپورٹ ہی نہیں کرتے تھے۔ جبکہ حدود کیسز میں شہادت کے طریقہ کار کی وجہ سے اکثر بے گناہ لوگ پھنس جاتے تھے اورگناہ کار بری ہو جاتے تھے۔ اس قانون کے تحت اگر کوئی شخص 18سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ بد فعلی کرے گا تو عدالت کا اختیار ہو گا کہ وہ اسے سزا موت، عمر قید، جرمانہ یا پھر جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا دے سکتی ہے۔ اگر کوئی شخص بدفعلی کی کوشش کرے گا تو اس کے لیے بھی 5 سے 10سال تک کی سزا رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اس کی تفتیش کم از کم ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ پولیس کی سطح کا آفیسرکر سکے گا جبکہ ٹرائل سیشن کورٹ کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ 60ایام کے اندر کیس کا فیصلہ کرے۔ اگر مقررہ مدت میں کیسز کا فیصلہ نہیں ہوتا تو ٹرائل کورٹ اس کی معقول وجہ بتائے گی اور عدالت العالیہ سے مدت میں اضافے کی اجازت لے گی۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی عبدالماجد خان کے سوال پر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ اکلاس کے جملہ معاملات طے کرنے کا طریقہ کار بھی اس ترمیمی ایکٹ میں وضع کردیا گیا ہے۔ جبکہ قائمہ کمیٹی میں میں نے شرکت چیئرمین مجلس قائمہ کی دعوت پر کی۔ چیئرمین مجلس قائمہ کو قواعد و انضباط کار کے تحت اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری ملازم یا ممبر اسمبلی کو دعوت دے سکتا ہے۔
٭٭٭٭٭
مظفرآباد (پی آئی ڈی) یکم جولائی 2020
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔۔
٭٭٭٭٭
مظفرآباد (پی آئی ڈی) یکم جولائی 2020
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر اور سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی تحریک پر سیکرٹریSDMAشاہد محی الدین قادری کے والد، انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود کے بھائی اور کراچی دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لیے ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے فاتحہ خوانی کروائی۔

٭٭٭٭٭