Fri. Mar 29th, 2024
996 Views

سرینگر(ساوتھ ایشین وائر)مقبوضہ جموں و کشمیر کے سینئر ترین اور بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی نے آل پارٹی حریت کانفرنس سے خود کو علیحدہ کرنے کا اچانک فیصلہ کر لیا ہے۔

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سوموار کی صبح حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی سے منسوب ایک آڈیو پیغام میں علیحدگی پسند جماعتوں کے اتحاد آل پارٹی حریت کانفرنس کو الوداع کرنے کا اعلان کیاگیا ہے۔ اپنے مبینہ آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کی موجودہ حالت کے پیش نظر انہوں نے حریت کانفرنس سے خود کو دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حریت کانفرنس کو ایک مفصل خط بھی ارسال کیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق گیلانی نے کہا کہ حریت کانفرنس کی موجودہ حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ‘میں نے حریت کانفرنس سے استعفی دے دیا اور اب میں اس سے دوری اختیار کرنا چاہتا ہوں۔
خیال رہے سید علی شاہ گیلانی برسوں سے حریت کانفرنس کے چیئرمین کے طور کام کررہے تھے اور آج انہوں نے اچانک اس کو الوداع کہنے کا اعلان کیا ہے-ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اس سلسلہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو نے بھی ایک ٹویٹ کیا۔ انہوں نے سید علی گیلانی کے پریس بیان کو ٹویٹ کر کے لکھا ،گیلانی نے حریت کانفرنس سے استعفی دے دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

By ajazmir