Fri. Apr 19th, 2024
800 Views

واشنگٹن
امریکہ کے دورے پر موجود جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ یہاں واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاونِ خصوصی ساجد تارڑ سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔

ڈاکٹر توقیر گیلانی کے ہمراہ امریکہ میں مقیم کشمیری راہنما راجہ مختار خان، سردار طاہر اقبال اور راجہ اشتیاق بھی موجود تھے۔ دو گھنٹے سے زائد رہنے والی اس ملاقات میں لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نے امریکی صدر کے مشیر اور ممتاز بزنس مین ساجد تارڑ سے مسئلہ جموں کشمیر کے حل کے سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متعدد بار ثالثی کی پیش کشوں سمیت عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کی ذمہ داریوں پر بات چیت کی اور بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری ظلم و بربریت، ایک سال سے جاری لاک ڈاؤن کے خاتمے، یسین ملک سمیت آزادی پسند راہنماؤں اور عام شہریوں کی بھارتی قید سے رہائی اور مسئلہ جموں کشمیر کو پرامن طور پر اور ریاست کے عوام کی آزادانہ خواہشات کے مطابق حل کروانے کیلئے امریکی صدر کے مشیر سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے ریاست جموں کشمیر کو جبری طور پرتقسیم کرنے والی سیز فائر لائن پر جاری گولہ باری اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں امریکی صدر کے مشیر کو آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امریکی حکومت سیز فائر لائن پر گولہ باری اور ریاستی عوام کی جان و مال کا نقصان بند کروانے اور ریاست جموں کشمیر سے افواج کے انخلاء کے عمل کا آغاز کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر ریاست جموں کشمیر سمیت پورا جنوبی ایشیا کسی بھی وقت ایک بڑی اور خوفناک جنگ کا نشانہ بن سکتا ہے جس کے تباہ کن اثرات علاقائی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی ہونگے۔
ملاقات میں امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ نے ڈاکٹر توقیر گیلانی کو یقین دلایا کہ امریکی حکومت مسئلہ جموں کشمیر کے پرامن، منصفانہ اور مستقل حل کیلئے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس مسئلہ کے حل کے حوالے سے دونوں ممالک کے سربراہان کو متعدد بار ثالثی کی پیشکش بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کے دکھ درد کو پوری طرح سمجھتے ہیں اور ریاست کے عوام کے حق آزادی کے نہ صرف حامی ہیں بلکہ اس حوالے سے ہمیشہ اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرینگے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر سمیت بعض عالمی مسائل میں اپنے معاشی و تجارتی مفاد کی خاطر انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو بھی نظر انداز کر جاتی ہے جو کہ افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ساجد تارڑ نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام نے اپنے تسلیم شدہ حق کے حصول کیلئے جن مصائب و آلام کا سامنا کیا ہے اور جو قربانیاں دی ہیں وہ ضرور رنگ لائیں گی اورتاحال عالمی برادری کی عدم حمایت کے باوجود انہیں پورا یقین ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام جلد ہی اپنی آزادی کی منزل کو حاصل کرینگے۔

By ajazmir