Fri. Apr 26th, 2024
450 Views

مظفرآباد ( پی آئی ڈی)02جون2020
وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ نظام زندگی دوبارہ بحال ہو رہا ہے لیکن کرونا کی وباءختم نہیں ہوئی ۔ہم نے ایک نیا طرز زندگی اختیا ر کرتے ہوئے کاروبار زندگی بھی چلانا ہے اور اپنی زندگیوں کی بھی حفاظت کرنی ہے ۔ لاک ڈاﺅن میں نرمی دینے کا فیصلہ مشکل ہے لیکن عوام کی مشکلات کے پیش نظر نرمی دے رہے ہیں ۔ اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ حفاظتی ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ دنیا میں کسی کے پاس اتنے مالی وسائل نہیں کہ وہ غیر معینہ مدت تک لاک ڈاﺅن کر کے اس کا مقابلہ کر سکے ۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالہ سے ڈاکٹرز، انتظامیہ اور علماءکرام ، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا شکرگزار ہوں ۔حکومت پاکستان اور افواج پاکستان نے بھی اس وباءکے دوران ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ گزشتہ عید سادگی سے منانے پر آزادکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ یہ عید مقبوضہ جموں وکشمیر کی پانچ اگست سے پیدا صورتحال اور کرونا کی وباءکی وجہ سے روایتی عید نہیں تھی ۔ حکومت آزادکشمیر کے بروقت اقدامات کی وجہ سے یہ وباءتیزی سے نہیں پھیلی۔آزادجموں وکشمیر کے عوام کے نا م اہم پیغام میں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ نے طاعون کی بیماری سے بچنے کےلئے نقل و حرکت نہ کرنے کا حکم دیا تھا ۔ اس بیماری سے بچنے کےلئے ہمیں بھی اپنی نقل و حرکت کو محدود کرنا ہوگا۔ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھر میں اس سے بچاﺅ اور حفاظتی تدابیر کی تعلیم دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں نیا طرز زندگی اختیار کرنا ہے ۔اس حوالہ سے اپنے تاجر بھائیوں سے کہوں گا کہ حفاظتی ایس او پی پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنانا آ پ سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زندگی بہت قیمتی ہے ۔ کرونا کی بیماری کسی کو خود نہیںلگتی ہمیں اس سے اپنے آپ کو بچانا ہے اور حفاظت کرنی ہے نظام زندگی بھی رواں دواں رکھنا ہے ۔ حکومت کے ساتھ تعاون کریں ۔ بازاروں میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں۔اسلام نظم و ضبط کا درس دیتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں اہم اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں اپنی تجاویز دی ہیں ۔ کل کابینہ اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ۔اس وائرس کے حوالہ سے آگاہی مہم شروع کررہے ہیں ۔ آزادکشمیر کے عوام سے توقع ہے کہ وہ اس وباءکاحوصلے کے ساتھ مقابلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ سیز فائر لائن کے دوسری جانب کس مشکل میں ہمارے بہن بھائی زندگی گزار رہے ہیں ۔ ہمیں ان کی آواز بننا ہے ۔ وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہندوستان کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ۔ ہمیں افواج پاکستان پر بھرپور بھروسہ ہے وہ ہندوستان کی کچلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے
اسلام آباد(پی آئی ڈی)02 جون 2020
وزیراعظم ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی طرف سے بدترین ریاستی ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی دن میں مینڈھر پونچھ اورنوشہرہ راجوری میں 13 بے گناہ اورمظلوم کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو ہندوستان کی اس بربریت کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ردعمل میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر ایک ہی روز میں 13 نوجوانوں کی شہادت ، مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال عالمی امن کے لئے بڑے خطرے کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا حکومت پاکستان کو اب صرف بیانات کی حد سے آگے بڑھ کر مقبوضہ ریاست کے عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے کرونا کی وباءکی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔کشمیریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ان کا قتل عام کیا جارہا ہے ان کی املاک کو تباہ کیا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت کی انتہاءپسند حکومت ہندوستان کے ہندوﺅں میں نفرت کو پروان چڑھا رہی ہے ۔ اندرون ہندوستان رہنے والے مسلمان بھی شدید مصائب کا شکار ہیں ۔ دہلی میں ہونے والے فسادات سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہیےں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے آئینی جارحیت کے بعد گزشتہ برس 5اگست سے کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے اور اب مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیل کر کے وہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم پر خاموشی بہت بڑی کمزوری ہے۔ دنیا کو بھارت کے عزائم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی ورنہ خطے میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔
مظفرآباد ( پی آئی ڈی)02جون2020
وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مسلم لیگ ن حلقہ دو کے جنرل سیکرٹری مبارک اعوان کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ مرحوم نے جماعت کےلئے بہترین خدمات سرانجام دیں ۔ دعا ہے اللہ رب العزت انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔
٭٭٭٭

By ajazmir