Thu. Feb 25th, 2021
193 Views

مظفرآباد (پی آئی ڈی )ایوان وزیر اعظم میں یوم تکبیر کے حوالے سے مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے یوم تکبیر کا کیک کاٹا اس موقع پر پاکستان کے استحکام اور سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز ہے ۔ مضبوط اور ناقابل تسخیر دفاع سے سیز فائر لائن کے اس پار لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان خطے میں انتہا پسندانہ رحجانات کا مرکز بنتا جارہا ہے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ کشمیری بدترین بھارتی ظلم و بربریت کے سامنے نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف نے تمام تر دباو کو مسترد کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کیے ۔ایٹمی پروگرام کی تخلیق سے لیکر دھماکے تک ذولفقار علی بھٹو ڈاکٹر عبد القدیر ضیاءالحق ثمر مبارک مند سمیت سب کا شاندار کردار رہا ۔یوم تکبیر کے موقع پرا پنے پیغام میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہمیں اپنی افواج پاکستان پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں کبھی مایوس نہیں کریگی۔ افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ہندوستان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ہندوستان میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ چین کا سامنا کر سکے۔ اگر ہندوستان اپنی جارحیت سے باز نہ آیاتواس کے نتائج بہت بھیانک ہو نگے ۔ انشاءاللہ خنجراب سے لیکر لکھن پور تک پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے دودر میں پاکستان میں ترقی ہوئی ۔ مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف ہی پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب سب اکھٹے ہو کر سرینگر سے جموں تک آزادی کا جشن منائیں گے

Avatar

By ajazmir