Fri. Mar 29th, 2024
364 Views

ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان،چیف آرگنائزر میاں محمدسعید کھوکھرایڈووکیٹ،آرگنائزر جاویدیوسف، سیکرٹری جنرل محمدرضاایڈووکیٹ ،سینئر نائب صدور ندیم اشرف،تنویرخان ،روحی بانوکوکھرایڈووکیٹ ،سلمان پرویز ،مرکزی نائب صدور ناصرچوہان ایڈووکیٹ، ممتاز حیدر اعوان ،محمدشاہدمحمود ،صدر پنجاب محمدیونس ملک،نائب صدرشبیر حسین ،صدرنیویارک محمد جمیل گوندل،صدرمدینہ منورہ سرفرازخان نیازی،صدرکراچی یونس میمن ،صدر چنیوٹ راناشہزادٹیپو ،صدرفیصل آبادندیم مصطفی اورصدرقصور میاں اویس علی نے کہا ہے کہ نجی ٹی وی چینل” بول” کی بندش سے سچائی کاپرچم سرنگوں نہیں ہوگا۔سچائی ہرقیمت پراپناراستہ بنائے گی،معاشرے کاہرسچااورباشعور فرد ”بول” کے مالکان اورکارکنان کی پشت پر کھڑا ہے۔سوشل میڈیا پرتنقیدکاطوفان برپا ہے ،حکمران کس کس کی زبان بندکریں گے ،سچائی کوسولی پرنہیں لٹکایا جاسکتا ۔بول بندہونے سے ہزاروں گھرانوں میں چولہا بجھ جائے گا۔منتقم مزاج حکومت کوبول سے وابستہ ہنرمندوں اورکارکنان کے معاشی قتل عام کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔بول چینل کی نشریات بندکرکے درحقیقت آزادی صحافت پرشب خون ماراگیا ۔اگربول کاسچ بولنا ارباب اقتدار سے برداشت نہیں ہوتاتووہ اقتدارچھوڑدیں،پاکستان میں بادشاہت نہیں چلے گی ۔بول کی نشریات سے سچائی کاعلم بلند ہوا ،وفاقی حکومت بول کابولنا بندکرسکتی ہے مگروہ اپنے اس آمرانہ اورمتعصبانہ اقدام سے پاکستانیوں کا سچائی تک رسائی کاسفر نہیں روک سکتی ۔ سوچنا ،سمجھنا اوربولناشہریوں کا بنیادی اورفطری حق ہے جوسلب نہیں کیا جاسکتا ۔وہ ایک اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان اورمیاں محمدسعید کھوکھر نے مزید کہا کہ حکمران کس کس کی تنقید کے ڈر سے اس کی زبان بندی کریں گے۔ حکومت مثبت تنقید سے اپنی اصلاح کاراستہ تلاش اوراپنی سمت درست کرے ورنہ وہ تاریک راہوں پرچلتی رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان میں صرف حکمرانوں کے حامی زندہ رہ اورکوئی کاروبارکرسکتے ہیں۔جومیڈیا ہاؤسز حکومت کے حامی ہیں انہیں تو اربوں روپے کے اشتہارات ملتے ہیں اورجوئی میڈیا گروپ تعمیری تنقید کرتا ہے اسے اشتہارات اورنشریات کے حق سے محروم کردیاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی پسندناپسند کے تحت میڈیا ہاؤسز کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کریں۔جونیوزچینل اوراخبارات حکومت کے سہولت کار کی حیثیت سے اس کے حق میں جعلی سروے نشر اور شائع کرتے ہیں ان پرپابندی لگائی جائے ۔انہوں نے عنقریب نجی ٹی وی چینل” بول” پورے زورسے بولے اورہرجھوٹ کاپول کھولے گا۔

By ajazmir