Fri. Mar 29th, 2024
383 Views

مظفرآباد(پی آئی ڈی)یکم مارچ 2017 ء
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور منصوبہ بندی کی تیاری میں شہریوں سے مشاورت کے ساتھ ساتھ انہیں اعتماد میں لیا جائے۔ آزادکشمیر میں قدرتی آفات سے تباہی زیادہ ہونے کی بنیادی وجہ منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔قدرتی آفات کو روکنا ممکن نہیں لیکن بہتر حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے تحت قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ ناگہانی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل بیٹھ کر ٹھوس حکمت عملی تیار کریں۔ موجودہ حالات میں ریسکیو 1122جیسے اداروں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ریسکیو 1122کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام تر وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ریسکیو 1122کے لیے خریدی گئی جدید ایمبولینس سروس کا معائینہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ریسکیو 1122کے تحت راولاکوٹ ،ہٹیاں بالا اور کوٹلی کے لیے خرید کی گئی جدید گاڑیوں کی چابیاں متعلقین کے سپرد کیں۔اس موقع پر ممبر اسمبلی راجہ محمد صدیق خان، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری ا سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیرالدین قریشی، ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس خالد محمود مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس طارق فیروز قریشی، شہری دفاع کے آفیسران اور ریسکیو 1122کے اہلکاران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے شہری دفاع کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ ریسکیو 1122کی ایمبولینسز کو ہمہ وقت اپ ڈیٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ریسکیو 1122کو جدید ایمبولینس سروس مہیا کیے جانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایمرجنسی مریضوں اور حادثات کے دوران زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ ریسکیو 1122کا دائرہ کار پورے آزادکشمیر تک بڑھایا جائے گا تاکہ تمام اضلاع کے عوام ریسکیو 1122سے مستفید ہوسکیں۔ حکومت آزادکشمیر ریسکیو 1122کو جملہ ضروریات پورے کرے گی اور ادارہ کو مزید فعال بنانے کے لیے ہرممکن وسائل مہیا کیے جائیں گے

By ajazmir